30 ستمبر ، 2024
کراچی: 7 سال قبل فریئر ہال سے غائب ہونےو الی پینٹنگز آرٹسٹ کے حوالے کردی گئیں۔
فریئر ہال کراچی میں سندھ کے ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی سے تعلق رکھنے والے آرٹسٹ سیفی سومرو کو ان کی پینٹنگز واپس کرنے کی تقریب ہوئی۔
سینیئر ڈائریکٹر کے ایم سی کلچر اینڈ اسپورٹس رضا عباس نے سیفی سومرو کی پینٹنگز ان کے حوالے کیں۔
رضا عباس کا کہنا تھا کہ فریئر ہال سے پینٹنگ چوری سے متعلق خبر من گھڑت تھی، آرٹسٹ سیفی سومرو کو غلط فہمی تھی کہ ان کی پینٹنگز چوری ہوئیں، انہوں نے 2017 سے سیفی سومرو کی پینٹنگز کو محفوظ رکھا تھا۔
تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے آرٹسٹ سیفی سومرو کا کہنا تھا کہ 2017 میں جب نمائش کے لیے پیٹنگ دی تھی تو وہ اس وقت نئے تھے ، آج وہ 7 سال بعد اپنی پینٹنگز دیکھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ آرٹسٹ سیفی سومرو کی گمشدہ پینٹنگ نجی ٹی وی ڈرامے میں نظر آئی تھیں جس کے بعد سیفی کی پینٹنگ کے چوری ہونے کی درخواست فریئر پولیس اسٹیشن میں جمع کروائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ 2017 میں ان کی پینٹنگ کی نمائش فریئر ہال میں ہوئی تھی۔