01 اکتوبر ، 2024
مزاحیہ گلوکار اور یوٹیوبر چاہت فتح علی خان کا کہنا ہے کہ شاید بشریٰ انصاری کو لگتا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں اسی لیے وہ میرے خلاف منفی گفتگو کررہی ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے چاہت فتح علی خان نے جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ بڑے بڑے گلوکار اور اب بشریٰ باجی کیوں میرے بارے میں بول رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب بشریٰ انصاری نے کیرئیر کا آغاز کیا تب وہ بھی ایک مزاحیہ فنکارہ تھیں، وہ لوگوں کی نقلیں اتارا کرتی تھیں، بشریٰ باجی کیا آپ کو یاد نہیں ہے؟ میں تو گانے گاتا اور لکھتا بھی خود ہوں، یہ ہی میری وجہ شہرت ہے۔
اس دوران چاہت فتح علی خان نے بشریٰ انصاری کو اپنے ساتھ گانا گانے کی پیشکش بھی کردی۔
انہوں نے کہا کہ شاید انہیں (بشریٰ انصاری) لگ رہا ہے کہ میں ان کی جگہ لے رہا ہوں، ایسا کچھ نہیں ہے، میں بچہ تھا تب سے بشریٰ انصاری کام کررہی ہیں، میں نے انہیں بچپن سے دیکھا ہے، اللہ انہیں خوش رکھے، میں تو اپنے ساتھ اچھا کرنے والے اور اپنے خلاف بولنے والوں کو دعائیں ہی دیتا ہوں۔
واضح رہے کہ بشریٰ انصاری نے جیو کے پروگرام ہنسنا منع ہے میں چاہت فتح علی خان سے متعلق پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں کہا تھا کہ مجھے لوگوں کی ذہنیت پر دکھ ہے، مجھے سمجھ نہیں آتا یہ کس طرح کی چیزوں کو وائرل کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 'یہ ایک ٹرینڈ ہے جو میری سمجھ سے بالا تر ہے، اس ٹرینڈ میں اور بھی عجیب عجیب سے لوگ ہیں جن کے نام مجھے نہیں آتے لیکن حیرت ہوتی ہے، گانوں کا اس طرح سے استحصال اور ظلم برداشت نہیں ہوتا۔'