Time 01 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

عالمی ثقافتی میلہ: آذربائیجانی فنکار نے مست قلندر کی دھن پیش کر کے پاکستانیوں کو حیران کردیا

عالمی ثقافتی میلہ: آذربائیجانی فنکار نے مست قلندر کی دھن پیش کر کے پاکستانیوں کو حیران کردیا
فوٹو: صاحب پاشازادے انسٹاگرام

آرٹس کونسل کراچی، جیو اور جنگ کے اشتراک سے عالمی ثقافتی میلے میں  آذربائیجانی فنکار نے “مست قلندر” کی دھن پیش کرکے پاکستانیوں کو حیران کر دیا۔

آذربائیجان کے معروف موسیقار صاحب پاشازادے نے پاکستانی ثقافت اور مہمان نوازی کو بے حد سراہا ہے۔ وہ جیو اور جنگ کے اشتراک سے جاری رہنے والے 35 روزہ عالمی ثقافتی میلے میں شرکت کے لیے کراچی آئے تھے۔

صاحب پاشازادے نے جیو ڈیجیٹل کو دیے خصوصی انٹرویو میں پاکستان کی خوبصورتی اور یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ہے، بہت ہی خوبصورت! یہاں کے لوگ مہمانوں سے مسکرا کر ملتے ہیں، ہمیں تو دیکھ کر لوگ باہر آکر پوچھتے رہے کہ آپ کو کچھ چاہیے؟ کیا ہم آپ کی مدد کر سکتے ہیں؟ کیونکہ ہم بھی مسلمان ہیں تو یہاں پاکستان میں لوگ ہماری ہی طرح اپنے مخصوص انداز میں کہتے ہیں کہ خدا آپ کو سلامت رکھے، ماشاءاللہ اور بہت شکریہ۔

صاحب پاشازادے نے کراچی آرٹس کونسل میں میوزک کنسرٹ کی تقریب میں اپنی پرفارمنس میں آذربائیجان کے روایتی میوزک 'میوغام' اور پاکستان کی مشہور قوالی 'مست قلندر' کی دھنیں پاکستانی ناظرین کے لیے پیش کیں تھیں۔

میوزک پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستانی ناظرین کے لیے آذربائیجان کا قومی میوزک 'میوغام' کی دھن پیش کی۔ میوغام ایک طویل طرز کی موسیقی ہے لیکن ہم نے اسے مختصر پیش کیا اور اس پر روایتی رقص 'یاللِی' بھی پیش کیا، جو ناظرین نے کافی پسند کیا۔

اس کے بعد، پاکستانی ناظرین کے لیے ایک خصوصی سرپرائز کے طور پر 'مست قلندر' کی دھن بھی پیش کی گئی۔ صاحب پاشازادے نے کہا کہ یہ بہت مشہور پاکستانی قوالی ہے جو نصرت فتح علی خان نے گائی ہے، ہم جانتے ہیں کہ وہ بہت مقبول فنکار ہیں۔

صاحب پاشازادے نے بتایا کہ انہوں نے پاکستانی اور آذربائیجان کی روایتی موسیقی کو ملا کر ایک مشترکہ پرفارمنس بھی پیش کی، جسے لوگوں نے بہت پسند کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان دونوں مسلمان ممالک ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کی تہذیب اور لوگوں سے محبت اور ان کا احترام کرتے ہیں مجھے اس عظیم ثقافتی میلے کا حصہ بن کر بہت خوشی محسوس ہوئی۔

کراچی کے بارے میں بات کرتے ہوئے صاحب پاشازادے نے کہا کہ وہ پہلے اسلام آباد آچکے ہیں لیکن کراچی پہلی مرتبہ آئے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ یہاں کی ثقافت اور لوگ دونوں بڑے دلچسپ ہیں، یہ مہمان نواز اور بڑے دل کے لوگ ہیں جنہوں نے ہمیں بہت متاثر کیا۔

صاحب پاشازادے نے کراچی کے مشہور پکوان بریانی کے بارے میں بھی اپنے تاثرات شیئر کیے اور کہا کہ میں نے بریانی کے بارے میں سنا تھا اور میں نے وہ کراچی میں کھائی۔ مجھے بریانی کی مختلف اقسام کا پتہ ہے لیکن میں نے چکن کے ساتھ کھانا پسند کیا، جو بہت مزیدار تھی۔ آذربائیجان میں ہمارے یہاں ایک پاکستانی ریستوران ہے جہاں کم مرچوں کی بریانی ملتی ہے کیونکہ آذربائیجان کے لوگ تیز مصالحے نہیں کھاتے لیکن یہاں پر کل میں نے بریانی کے ساتھ چپلی کباب کھایا، جو بہت مزیدار، تھوڑا تیز مصالحے دار مگر بہت لذیذ تھا۔

انہوں نے پاکستانی عوام اور ثقافت کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں مزید ایسے مواقع آئیں گے جہاں وہ دونوں ممالک کی موسیقی اور ثقافت کو ایک ساتھ ملانے کا تجربہ کر سکیں۔

واضح رہے کہ عالمی ثقافتی میلہ کراچی آرٹس کونسل میں تقریباً ایک ماہ تک جاری رہے گا جس میں 40 ممالک سے 400 سے زائد بین الاقوامی فنکار پرفارم کریں گے۔

مزید خبریں :