Time 02 اکتوبر ، 2024
دنیا

ایران کے حملے کے وقت ڈرے سہمے اسرائیلی فوجیوں کی ویڈیو سامنے آگئی

ایران کے حملے کے وقت ڈرے  سہمے اسرائیلی فوجیوں کی ویڈیو سامنے آگئی
گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے/اسکرین گریب

ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملوں کے وقت  ڈرے سہمے اسرائیلی فوجیوں کی ویڈیو سامنے آگئی۔

گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر 400 سے زائد بیلسٹک میزائل داغے جو اصفہان، تبریز، خرم آباد، کرج اور اراک سے فائر کیے گئے جس کے بعد مقبوضہ بیت المقدس سمیت اسرائیل بھر میں سائرن بجنے لگے تھے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق تل ابیب اور شیرون میں راکٹ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ اسرائیلی ایمبولینس سروسز نے 2 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، میزائل حملوں کے بعد اسرائیلی شہری جان بچانے کے لیے شیلٹرز اور محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے تھے جن کی تصاویر بھی سامنے آئی تھیں۔

اب ایران کے حملے کے وقت اسرائیلی فوجیوں کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسرائیل کے فوجیوں کو سہمے انداز میں پہاڑ کی چوٹی پر لیٹے ایران کے داغے  میزائل حملوں سے خود کو بچاتے دیکھاجاسکتا ہے۔

دوسری جانب اسی ویڈیو میں ایک اسرائیلی فوجی کو سر پر ہاتھ رکھے خود کو بچاتے دیکھاجاسکتا ہے جب کہ عقب میں آسمان پر میزائل حملوں کو دیکھاجاسکتا ہے، سامنے آنے والی  ویڈیو میں سائرن کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔

ایران کے حملے سے اسرائیل میں ہونے والے نقصانات 

اسرائیلی ایمبولینس سروسز  کا بتانا ہے کہ میزائل حملوں کے دوران شیلٹرز میں جانے کیلئے بھگدڑ میں کئی افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد دی گئی۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی فضائی حدود بند کردی گئی اور ہوائی اڈوں پر موجود تمام مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

تہران ٹائمز کے مطابق ایران نے میزائل حملوں میں اسرائیل کے ایف 35 جہازوں کے اڈے نیو اٹم ایئر بیس کو نشانہ بنایا۔

پاسداران انقلاب کا مؤقف 

ادھر پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر حملے کو حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل حسن نصراللہ پر حملے کابدلہ قرار دیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے مطابق فضائیہ نے کئی بیلسٹک میزائلوں سے اسرائیل کے قلب میں واقع کئی اہم فوجی و سکیورٹی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جس کی تفصیلات بعد میں جاری کی جائيں گی۔

پاسداران انقلاب نے خبردار کیا کہ اگر صیہونی حکومت نے ملکی و عالمی قوانین کے مطابق کیے گئے آپریشن پر فوجی رد عمل ظاہر کیا تو اس کے بعد اسے زيادہ شدید اور تباہ کن حملوں کا سامنا کرنا پڑےگا۔

مزید خبریں :