03 اکتوبر ، 2024
لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے آج ہونے والی جھڑپوں میں مزید 17 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ اور اسرائیلی فوج کی زمینی جھڑپوں میں آج ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوج کے افسروں اور جوانوں کی تعداد 17 ہے۔
آج جنوبی لبنان میں زمینی جھڑپوں کے ساتھ ساتھ حزب اللہ کی جانب سے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بھی جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں اسرائیلی فوج کے 3 افسروں سمیت 8 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔
علاوہ ازیں عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ سے جھڑپوں کے بعد لبنان کے سرحدی علاقے کفر کلہ سے پسپا ہونے والی اسرائیلی فوج بدحواسی میں اپنے پیچھے بکتر بند گاڑی بھی چھوڑ گئی۔