پاکستان

پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج نجی اسکول بند رکھنےکا اعلان

پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج نجی اسکول بند رکھنےکا اعلان
فوٹو: فائل

ڈی چوک میں پی ٹی آئی کے  احتجاج کے  پیش نظر  اسلام آباد  اور  راولپنڈی میں آج بروز جمعہ نجی اسکول بند  رکھنے کا  اعلان کیا گیا ہے۔

اسلام آباد پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن نے راستوں کی بندش کے پیش نظر آج اسکول بند کرنےکا اعلان کیا ہے۔

جنرل سیکرٹری پرائیویٹ اسکول ایسوسی ایشن وحید خان کا کہنا ہےکہ بچوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، کل بھی طلبا و طالبات کنٹینرز کے باعث مشکلات کا شکار  رہے۔

ادھر  آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز منیجمنٹ ایسوسی ایشن شمالی پنجاب کے صدر  ابرار احمد نے بھی ایک بیان میں کہا ہےکہ آج اسلام آباد میں ممکنہ  احتجاج کے باعث راولپنڈی  سٹی کے تعلیمی ادارے بند  رہیں گے۔

 ابرار احمد کے مطابق تعلیمی اداروں کی بندش کا فیصلہ راستوں کی بندش کے باعث کیا گیا ہے۔

 دوسری جانب ترجمان اسلام آباد پولیس نےکہا ہےکہ  اسلام آباد پولیس کے تمام سہولت مراکز  اور  ڈرائیونگ لائسنس آفس آج بند رہیں گے۔

 میٹرو بس انتظامیہ نے اعلان کیا ہےکہ راولپنڈی میں آج میٹرو بس سروس معطل رہے گی۔

 میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر معطل رہے گی، صدر سے آئی جے پی روڈ تک بس سروس مطل رہے گی، آئی جے پی روڈسے پاک سیکرٹریٹ تک میٹرو بس بحال رہےگی۔

ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر فیض آباد کو بند کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ مری روڈ سمیت اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی بند کیا جارہا ہے۔

پی ٹی آئی کا احتجاج، اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج نجی اسکول بند رکھنےکا اعلان
فوٹو: اسکرین شاٹ/ جیو نیوز

راستوں کی بندش کےلیے ہیوی مشینری فیض آباد اور ایکسپریس وے پہنچا دی گئی ہے۔

فیض آباد اور ہائی وے ایکسپریس وے پر ڈبل لیئر میں کنٹینرز رکھے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ 4 ہزار  اہلکار  اور  افسران تعینات ہوں گے۔

مزید خبریں :