Time 04 اکتوبر ، 2024
صحت و سائنس

روزانہ اتنے وقت تک چہل قدمی کرنے سے آپ اپنی ہڈیوں کو کمزور ہونے سے بچا سکتے ہیں

روزانہ اتنے وقت تک چہل قدمی کرنے سے آپ اپنی ہڈیوں کو کمزور ہونے سے بچا سکتے ہیں
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

عمر میں اضافے کے ساتھ ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ بڑھتا ہے۔

خاص طور پر ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے کا خطرہ درمیانی عمر میں نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے۔

مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ روزانہ مخصوص وقت تک چہل قدمی کو عادت بنا کر آپ ہڈیوں کو ہر عمر میں مضبوط رکھ سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی ایسا ممکن ہے۔

کچھ عرصے قبل ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ مخصوص وقت تک چہل قدمی کرنے سے ہڈیوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔

جرنل Osteoporosis International میں شائع تحقیق میں 24 ہزار سے زائد معمر افراد کو شامل کرکے ان کی چہل قدمی کی عادات کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔

ان افراد کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا تھا۔

ایک گروپ ایسے افراد کا تھا جو روزانہ چہل قدمی نہیں کرتے، دوسرا گروپ روزانہ 30 منٹ یا اس سے کم وقت تک چہل قدمی کرنے والوں کا تھا، تیسرے گروپ میں ایسے افراد شامل تھے جو روزانہ 30 سے 60 منٹ تک چہل قدمی کرتے تھے، جبکہ چوتھا گروپ ایک گھنٹے سے زائد وقت تک چہل قدمی کرنے والوں کا تھا۔

ان افراد کی صحت کا جائزہ 37 مہینوں تک لیا گیا اور اس عرصے میں 4586 افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے کی تشخیص ہوئی۔

محققین نے دریافت کیا کہ جو افراد روزانہ 30 منٹ یا اس سے کم وقت تک چہل قدمی کرتے ہیں، ان میں اوسطاً ہر 100 میں سے 19 افراد میں ہڈیوں کے بھربھرے پن کے عارضے کی تشخیص ہوئی۔

اسی طرح 30 سے 60 منٹ تک چہل قدمی کرنے والوں میں اوسطاً ہر 100 میں سے 15 افراد میں اس تکلیف دہ عارضے کی تشخیص ہوئی۔

ایک گھنٹے سے زائد وقت تک روزانہ چہل قدمی کرنے والے افراد میں اوسطاً ہر 100 میں سے 10 افراد کو اس عارضے کو سامنے ہوا۔

محققین کے مطابق اگر آپ روزانہ ایک گھنٹے یا اس سے زائد وقت تک چہل قدمی کو عادت بنالیں تو ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ جن افراد میں جینیاتی طور پر ہڈیوں کی کمزوری کا خطرہ ہوتا ہے، وہ بھی اگر روزانہ چہل قدمی کو عادت بنالیں تو اس تکلیف دہ عارضے سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ روزانہ چہل قدمی سے ہڈیوں کو مضبوط رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

مزید خبریں :