Time 06 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

'دوبارہ زندگی ملی تو شگفتہ اعجاز کو ہی ڈھونڈوں گا'، مرحوم شوہر یحییٰ صدیقی کا آخری انٹرویو وائرل

دوبارہ زندگی ملی تو شگفتہ اعجاز کو ہی ڈھونڈوں گا، مرحوم شوہر یحییٰ صدیقی کا آخری انٹرویو وائرل
اگر آپ کو دوبارہ زندگی ملی 26 سال کی عمر میں تو آپ کیا کریں گے؟ اداکارہ کا شوہر سے سوال__فوٹو: انسٹاگرام/شگفتہ اعجاز

پاکستان کی مقبول و ورسٹائل سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے اپنے مرحوم شوہر، فلم ساز یحییٰ صدیقی کا آخری انٹرویو اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کر دیا۔

گزشتہ ماہ اداکارہ کے شوہر یحییٰ صدیقی 5 برس تک کینسر سے جنگ لڑنے کے بعد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، اب اداکارہ نے دو روز قبل شوہر کی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے ان سے کی گئی آخری گفتگو کو انٹرویو کی صورت میں اپنے یوٹیوب پر شیئر کیا ہے۔

ویڈیو میں شگفتہ اعجاز نے اپنے شوہر سے ماضی، ان کی پسند و ناپسند سیت مختلف امور کے حوالے سے کئی سوالات پوچھے۔

سینئر اداکارہ نے شوہر سے سوال کیا کہ آپ کی زندگی کا سب سے اچھا اور خوبصورت دور کون سا تھا؟ جس پر یحییٰ صدیقی نے بتایا کہ میں نے اللّٰہ تعالیٰ کے کرم سے بہترین زندگی گزاری ہے، اسی وجہ سے مجھے اپنی پوری زندگی ہی اچھی لگی۔

پھر شگفتہ اعجاز نے پوچھا کہ اگر آپ کو دوبارہ زندگی ملی 26 سال کی عمر میں تو آپ کیا کریں گے؟ اس سوال کے جواب میں یحییٰ صدیقی نے کہا کہ میں اپنی دوسری زندگی میں بھی شگفتہ اعجاز کو ہی ڈھونڈوں گا۔

جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں نے سنجیدہ سوال پوچھا ہے تو آپ بھی سنجیدہ جواب دیں، اس پر یحییٰ صدیقی نے کہا کہ یہ میرا سنجیدہ جواب ہی ہے۔

سوشل میڈیا پر  مرحوم یحییٰ صدیقی کے آخری انٹرویو کے مختصر ویڈیو کلپس وائرل ہو رہے ہیں۔

واضح رہے کہ شگفتہ اعجاز نے یحییٰ صدیقی سے چند برس قبل شادی کی تھی، یہ ان دونوں کی دوسری شادی تھی، جوڑے کے پہلی شادی سے دو دو بچے ہیں جب کہ ان دونوں کی دو بیٹیاں بھی ہیں۔

مزید خبریں :