Time 07 اکتوبر ، 2024
پاکستان

کس سربراہ حکومت نے ذاکر نائیک کے کہنے پر اپنے ملک کا نام تبدیل کر دیا؟

کس سربراہ حکومت نے ذاکر نائیک کے کہنے پر اپنے ملک کا نام تبدیل کر دیا؟
گورنر ہاؤس کراچی میں سوال جواب سیشن کے دوران ڈاکٹر ذاکر نائیک نے ماضی کا قصہ سنایا۔ اسکرین گریب

معروف اسلامی اسکالر اور داعی اسلام ڈٓکٹر ذاکر نائیک نے ماضی کا قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ ایک ملک کے سربراہ نے ان کے کہنے پر اپنے ملک کا نام تبدیل کیا۔

گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والے سوال جواب کے سیشن میں گزشتہ روز ایک ہندو ڈاکٹر کی جانب سے پاکستان میں شریعت کے نفاذ سے متعلق اپیل کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوا اور اس کا نام بھی اسلامی جہوریہ پاکستان ہے، پاکستان کا مطلب ہے پاک جگہ، تھیوریٹکلی تو قرآن ہی پاکستان کا آئین ہے لیکن حقیقت میں پتہ نہیں کہ کیا ہے۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا میں پاکستان ہی نہیں جس بھی اسلامی ملک کے صدر، وزیراعظم، بادشاہ، شیخ یا سربراہ حکومت سے ملتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ ان کے نزدیک میری عزت اور اہمیت کتنی ہے اور میں اسی چیز کو جواز بنا کر انہیں نصیحت کرتا ہوں۔

معروف داعی اسلام نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ مغربی افریقی ملک گیمبیا کے سابق صدر ڈاکٹر یحییٰ جامع نے مجھے 2014 میں دعوت دی اور جب میں وہاں گیا تو انہوں نے مجھے بہت عزت و تکریم دی اور 24 گھنٹے میں میرے لیے سفارتی پاسپورٹ جاری کرتے ہوئے مجھے اپنا مذہبی مشیر مقرر کر دیا۔

انہوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے دیکھا کہ ڈاکٹر یحییٰ جامع مجھ سے بہت محبت کرتے ہیں تو ان کے ساتھ بیٹھ کر کئی گھنٹے کی گفت و شنید کے بعد میں نے انہیں کہا کہ سب سے پہلے اپنے ملک کو اسلامی کرو اور یہاں اسلامی قوانین کا نفاذ کرو۔

ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا ڈاکٹر یحییٰ جامع نے وعدہ کیا کہ میں ایک سال میں جمہوریہ گیمبیا کو اسلامی جمہوریہ گیمیا کر دوں گا، اور پھر انہوں نے 11 ماہ بعد مجھے خط لکھا کہ گیمبیا کا نام اسلامی جمہوریہ گیمبیا ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا ڈاکٹر یحییٰ جامع کا کہنا تھا یورپی یونین مجھے کہہ رہی ہے کہ اپنے آئین میں سے ہم جنس پرستی کو جرائم سے نکال دو تو آپ کو 30 ملین ڈالر دیں گے، انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ کیا کروں جس پر میں نے انہیں کہا یورپی یونین سے کہیں اگر 30 بلین یورو بھی دیں گے تو میں یہ نہیں کروں گا اور پھر انہوں نے یہ پیشکش ٹھکرا دی۔

خیال رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں اور وہ کراچی کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں بھی تقاریب سے خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :