09 اکتوبر ، 2024
ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قاآنی خیریت سے ہیں۔
ایران کی نیم سرکاری خبررساں ایجنسی تسنیم نے پاسداران انقالب کے سینئر مشیر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی کو جلد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے ’نشان فتح‘ دیا جائے گا۔
اس سے قبل سینئر ایرانی حکام نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی رائٹرز کو بتایا تھا کہ 27 ستمبر کو بیروت میں اسرائیلی فضائی حملے میں حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد اسماعیل قاآنی لبنان گئے اور اس کے بعد سے وہ رابطے میں نہیں ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسرائیل کے جانب سے حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے حملوں کے وقت اسماعیل قاآنی بھی بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ میں موجود تھے تاہم اس وقت وہ ہاشم صفی الدین سے کسی ملاقات میں مصروف نہیں تھے۔
تاہم اب اسماعیل قاآنی کے مشیر ابراہیم جباری نے تسنیم نیوز ایجنسی کو بتایا ہے کہ اسماعیل قاآنی رو بہ صحت ہیں اور انہیں آنے والے دنوں میں ’نشان فتح‘ سے نوازا جائے گا۔
پیر کے روز قدس فورس کے ڈپٹی کمانڈر ارج مسجدی نے بھی اسماعیل قانی کے بیروت میں اسرائیلی حملے کی زد میں آنے کی تردید کی تھی۔