10 اکتوبر ، 2024
پنجاب میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مزید 143 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔
ڈینگی کے 131 کیسوں کا تعلق راولپنڈی سے ہے، اٹک سے 4، گوجرانوالا سے 3 اور لاہور سے بھی 2 کیس سامنے آگئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران فیصل آباد، سیالکوٹ اور ساہیوال سے بھی ڈینگی کا 1-1 کیس سامنے آیا ہے، اس سال اب تک پنجاب میں ڈینگی کے 2 ہزار 867 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب ڈینگی کے کیسوں میں اضافے کے بعد وزیرصحت پنجاب خواجہ عمران نذیر اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقارچیمہ نے کارروائی کرتے ہوئے ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر کئی کمرشل عمارتیں سِیل کردیں۔
سیل کی گئی کمرشل عمارتوں پر ایک کروڑ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی کیا گیا۔
اس حوالے سے وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیرکا کہنا تھا کہ ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر کسی سے رعایت نہیں کریں گے، تمام محکموں کو ڈینگی کے خاتمے کیلئے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کرنا ہوگا۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے ضلع بھر میں ڈینگی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلانہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ڈینگی ایمرجنسی کے تحت ہنگامی حفاظتی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روالپنڈٰ کے چک جلال الدین، کوٹھہ کلاں اور پوٹھوہار ٹاؤن ڈینگی سے زیادہ متاثر علاقے ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر انسداد ڈینگی مہم جاری ہے، ڈینگی کے خاتمے کیلئے موبائل ٹیمیں بھی تشکیل دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ راولپنڈی میں ڈینگی کے ڈین ٹو وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اور ڈین ٹو ڈینگی کا وائرس زیادہ خطرناک ہے۔