Time 10 اکتوبر ، 2024
پاکستان

مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے سلسلے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل طلب

مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے سلسلے پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل طلب
فوٹو: فائل

اسلام آباد:  مجوزہ 26 ویں آئینی ترامیم کے سلسلے  پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق  اجلاس خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمٹ ہاؤس میں ہوگا۔ اجلاس میں مجوزہ آئینی ترامیم کے مسودے پر حتمی مشاورت کی جائےگی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ  اجلاس میں ن لیگ، پیپلزپارٹی اور  جے یوآئی سمیت دیگر جماعتوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔

بلاول بھٹوزرداری، اسد قیصر اور  عامر ڈوگر کو  شرکت کی خصوصی دعوت دی گئی ہے۔پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا یہ پانچواں ان کیمرہ اجلاس ہے۔

ذرائع کے مطابق  ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار خصوصی کمیٹی اجلاس میں شریک ہوں گے۔ بیرسٹرگوہر اور اپوزیشن لیڈر عمرایوب خان کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔

خیال رہے کہ  مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے آئینی ترامیم کے ترمیمی مسودے پر اتفاق کرلیا ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نواز شریف سے پیپلزپارٹی کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں ملاقات کی۔ 

ذرائع کے مطابق ملاقات میں بلاول بھٹو نے مجوزہ آئینی ترامیم پر سیاسی جماعتوں سے روابط کے بارے میں آگاہ کیا۔ آئینی ترامیم سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے نئے مسودے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کی شرائط اور تجاویز سے آگاہ کیا، نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان کی تجاویز سے اتفاق کیا۔ مسودے میں مولانا فضل الرحمان کی ترامیم بھی شامل کرلی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ آئینی ترامیم پارلیمنٹ میں پیش کرنےکی تاریخ کا فیصلہ بھی مشاورت سےکیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے تمام پارلیمانی جماعتوں کے اتفاق رائے پر زور دیا۔ نواز شریف نے تمام سیاسی جماعتوں کے درمیان حتمی مسودے پر اتفاق رائےکی ہدایت کی۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پیپلزپارٹی، ن لیگ اور جے یو آئی ف کی قانونی ٹیمیں آئینی ترامیم کے مسودے کو حتمی شکل دیں گی۔ آئینی ترامیم کا بل کابینہ اورپارلیمنٹ میں پیش کرنے کی تاریخ کا تعین مزید مشاورت سے ہوگا۔

مزید خبریں :