11 اکتوبر ، 2024
اسرائیل کی غزہ کے پناہ گزین اسکولوں، اسپتالوں پر بمباری اور بیروت پرحملوں سے مجموعی طور 92 افراد شہید ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اپنی جارحیت کو جاری رکھتے ہوئے غزہ کے پناہ گزین اسکولوں اور اسپتالوں پر بمباری کرکے مزید 70 سے زیادہ فلسطینی شہید کردیے۔
اس کے علاوہ شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی اسرائیلی فوج سے شدید جھڑپیں ہوئیں جس سے 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب اسرائیل نے حزب اللہ کے سیاسی رہنما کو نشانہ بنانے کے لیے بیروت کے گنجان آباد علاقے پر حملہ کردیا جس سے دو عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔
ادھر اسرائیل کے حملے سے بیروت میں 22 افراد شہید اور 170 زخمی ہوگئے۔
اس کے علاوہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ رہنما وافق صفا کے بچ جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جب کہ یو این امن دستوں پر گولہ باری پر کئی ممالک کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شام لبنان سرحد پر اسرائیل نے بمباری کرکے ایرانی ہلال احمر کا فیلڈ اسپتال تباہ کردیا۔