15 اکتوبر ، 2024
بھارت میں دسہرہ کے جلوس میں ہاتھی کے بھپرنے کے بعد بھگڈر مچ گئی جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے بوہیلی گاؤں میں ہاتھی کے بپھرنے سے دسہرہ کا جلوس افراتفری کا شکار ہوگیا اور لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران عینی شاہدین نے بتایا کہ ہاتھی بظاہر پرسکون تھا لیکن کچھ ہی دیر میں ہاتھی نے کنٹرول کھو کر تباہی مچانا شروع کردی۔
عینی شاہد نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ہاتھی نے ہماری آنکھوں کے سامنے سفید کار کو اپنے پیروں میں کچل دیا، اس کے بعد ہاتھی نے قریب کھڑی بس بھی الٹنے کی کوشش کی جس سے جلسے کے شرکا میں خوف پھیل گیا اور لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں ایک بپھرے ہاتھی کو کبھی کار تو بس کو نقصان پہنچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب ہاتھی پر بیٹھے شخص نے اس صورتحال میں ہاتھی کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی جو کامیاب نہ ہوئی۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ مقامی حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال سے نمٹنے کی کوشش کی اور ہاتھی کو کنٹرول میں لے لیا جب کہ اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔