19 اکتوبر ، 2024
ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا فلسطینی عوام کے ایک مجاہد اور محافظ، یحییٰ سنوار کی شہادت پر غمزدہ ہے، جنہیں ظالم صیہونی حکومت نے بے دردی سے شہید کر دیا۔
انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ایک بار پھر بین الاقوامی برادری امن اور انصاف کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے، جس سے تنازع کی صورتحال مزید خراب ہو گئی ہے۔
انور ابراہیم کا کہنا تھا کہ ملائیشیا اس قتل کی شدید مذمت کرتا ہے، یہ ثابت ہو چکا ہے کہ فلسطینیوں کی آزادی کی جدوجہدکو کمزور کرنے کی کوششیں ناکام رہیں گی۔ ملائیشیا زور دیتا ہے فلسطینی عوام کے مسلسل قتل و غارت کو فوری طور پر روکا جائے۔
خیال رہے کہ 16 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز جب رفح کے علاقے میں آپریشن کر رہی تھیں تو اس وقت ان پر ایک عمارت سے فائرنگ کی جس کے جواب میں صیہونی فورسز نے ٹینک سے اس عمارت پر فائرنگ اور بمباری کی اور جب عمارت کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون کیمرا اندر بھیجا تو ایک شخص تباہ حال عمارت میں زخمی حالت میں صوفے پر بیٹھا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران حماس کے 3 کمانڈرز مارے گئے جن میں سے ایک کے بارے میں گمان ہوا کہ وہ یحییٰ سنوار ہیں تاہم اس بات کی تصدیق نہ ہو سکی۔
معاملے کے بارے میں معلومات رکھنے والے امریکی حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے لاش کو تحویل میں لیکر دانتوں کے ریکارڈ اور دیگر بائیو میٹرک معلومات کے ذریعے تصدیق کی کہ حملے میں مارے گئے افراد میں یحییٰ سنوار بھی شامل تھے۔