Time 20 اکتوبر ، 2024
دنیا

طبعی موت کے بجائے ایف 16 طیارے یا بم سے شہید ہونے کو ترجیح دوں گا، یحییٰ سنوار کی پرانی ویڈیو وائرل

اسرائیلی فورسز سے دلیری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے حماس سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی موت طلب کرنے کی پرانی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔

 حماس سربراہ یحییٰ سنوار 16 اکتوبر کو غزہ کے علاقے رفح میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہوئے تھے، اسرائیلی فورسز کی جانب سے یحییٰ سنوار کی شہادت سے قبل کی ایک ڈرون ویڈیو بھی جاری کی تھی جس میں انہیں ایک تباہ حال عمارت کی دوسری منزل پر زخمی حالت میں صوفے پر پرسکون انداز میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔

غزہ کے شہریوں کا کہنا ہے کہ یحییٰ سنوار نے قابض صیہونی فورسز سے بہادری سے لڑ کر شہادت کا رتبہ حاصل کر کے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔

اسرائیلی فورسز کے مطابق یحییٰ سنوار کے قبضے سے اسلحہ، تسبیح، کچھ امریکی ڈالر اور اذکار کے کچھ صفحات برآمد ہوئے اور ان کی شناخت ڈی این اے اور دیگر معلومات کے ذریعے کی گئی۔

یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی ایک پرانی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں کسی تقریب سے خطاب کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

تقریب سے خطاب میں یحییٰ سنوار کہہ رہے ہیں کہ مجھے اور حماس رہنما ابو خالد دائف کو قتل کرنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں، اس کے دیگر پر کیا اثرات مرتب ہوں گے، شہادت ہمارے لیے سب سے بڑا تحفہ ہے۔

یحییٰ سنوار اپنے خطاب میں کہہ رہے ہیں کہ قابض دشمن مجھے شہید کرنا چاہتا ہے، میں اللہ کے حضور شہید ہو کر پیش ہونا چاہتا ہوں، میں کووڈ، حرکت قلب بند ہونے، کسی ٹریفک حادثے یا کسی بیماری میں آرام سے مرنے سے زیادہ ایف سولہ طیارے یا بم سے مرنے کو ترجیح دوں گا، کیا کسی کو معلوم ہے کہ 60 سال یا اس کے بعد ہمارے ساتھ کیا ہو گا، ہم تو موت کے قریب ہیں جو کہ ایک حقیقت ہے، تو میں طبعی موت سے زیادہ شہید ہونے کو ترجیح دوں گا۔  

مزید خبریں :