22 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد: چار رکنی کمیٹی کے سنی اتحاد کونسل سے مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں اور سنی اتحاد کونسل نے پارلیمانی کمیٹی برائے چیف جسٹس تقرری کے اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔
نئے چیف جسٹس کی تعیناتی کے حوالے سے اسپیکر چیمبر میں اجلاس ہوا، مذاکراتی عمل کے لیے اسپیکر نے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کو بلایا۔
4 رکنی کمیٹی نے پی ٹی آئی چیئرمین کو مشاورت کے لیےکمیٹی میں آنےکی درخواست کی تاہم بیرسٹرگوہر نےکمیٹی اجلاس میں شرکت سے معذرت کرلی۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ ہماری سیاسی کمیٹی کا فیصلہ ہےکہ پارلیمانی کمیٹی میں شریک نہ ہوں۔
بعد ازاں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اعلامیہ جاری کردیا ۔
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے ممبران نے آج کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ کمیٹی نے احسن اقبال، رعنا انصار، راجہ پرویزاشرف اور کامران مرتضیٰ پرمشتمل ذیلی کمیٹی بنائی، ذیلی کمیٹی کو سنی اتحاد کونسل ممبران سے ملاقات کرکے انہیں اجلاس میں شرکت کے لیے قائل کرنےکو کہا گیا، ذیلی کمیٹی نے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے میٹنگ کی درخواست کی، اسپیکر ایازصادق کے چیمبر میں ذیلی کمیٹی اور سنی اتحاد کونسل کے ممبران کی ملاقات ہوئی۔
اعلامیے کے مطابق اسپیکر کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات میں سب کمیٹی کے ممبران اوربیرسٹرگوہر نے شرکت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی اور کمیٹی کے ممبران نے سنی اتحاد کونسل کو کمیٹی میں شرکت کی دعوت دی۔ بیرسٹرگوہرنے بتایا کہ ان کی سیاسی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہےکہ وہ کمیٹی کے اجلاسوں میں شرکت نہیں کریں گے۔