Time 23 اکتوبر ، 2024
پاکستان

سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور لاہور بار کی یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس نامزدگی پر مبارکباد

سپریم کورٹ، سندھ ہائی کورٹ اور لاہور بار کی یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس نامزدگی پر مبارکباد
فوٹو: فائل

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن، سندھ ہائی کورٹ بار اور لاہور بار ایسوسی ایشن نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو سپریم کورٹ کا نیا چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد پیش کردی۔

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شہزاد شوکت نے کہا ہے جسٹس یحییٰ آفریدی بہترین ججوں میں سے ایک ہیں، یہ تقرری مروجہ آئینی طریقہ کار کے مطابق ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ دوست قوم کو ہیجان میں مبتلا رکھنا چاہتے ہیں، ہر چیز کومتنازعہ بنانے کی کوشش کیوں کی جاتی ہے؟ آئینی ترمیم ہوگئی، اس میں مزید بہتری لائی جا سکتی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی نے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کو پاکستان کے اگلے چیف جسٹس نامزد ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اُن کی تقرری عدلیہ اور ملک بھر کیلئے بے حد سودمند ثابت ہوگی۔

اپنی پریس ریلیز میں سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کراچی نے مزید کہا کہ جسٹس آفریدی نہ صرف مثالی انسان ہیں بلکہ ممتاز قانون دان بھی ہیں، جو اپنی بصیرت اور قانونی فہم و فراست کیلئے جانے جاتے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ بار کا کہنا تھا کہ قانون پر عبور اور انصاف کیلئے سنجیدگی جسٹس یحییٰ آفریدی کو اس اہم منصب کیلئے بہترین امیدوار بناتی ہے۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کی جانب سے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس آف پاکستان نامزدگی کو خوش آئند قرار دیا گیا۔

اپنے بیان میں لاہور بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی نے آئینی اختیار کا استعمال کرتے ہوئے دو تہائی اکثریت سے جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کیا۔

اپنے بیان میں لاہور بار کا کہنا تھا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ نئے آنے والے چیف جسٹس اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیوں سے ملک کیلئے اور نظام عدل کیلئے موزون ثابت ہوں گے۔

 خیال رہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تقرری کیلئے خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس یحییٰ آفریدی کو  دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس نامزد کردیا ہے۔

مزید خبریں :