23 اکتوبر ، 2024
گوگل کی جانب سے جیمنائی لائیو آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) اسسٹنٹ کو اینڈرائیڈ فونز کے ہر شعبے میں شامل کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔
اب گوگل کی جانب سے اے آئی اسسٹنٹ کو کالز کرنے اور میسجز بھیجنے کے قابل بنایا جارہا ہے، یہاں تک کہ فون لاک ہونے پر بھی ایسا ممکن ہو سکے گا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق ایک کوڈ میں اس بات کا عندیہ ملا ہے اور اس کا بنیادی مقصد جیمنائی کو گوگل اسسٹنٹ کا حقیقی متبادل بنانا ہے۔
ابھی صارفین اس اے آئی اسسٹنٹ کو لاک فون میں بات کرنے اور سوالات پوچھنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں مگر ڈیوائس ان لاک کیے بغیر میسجز بھیجنا یا کالز کرنا صرف گوگل اسسٹنٹ سے ممکن ہے۔
مگر کوڈ سے عندیہ ملا کہ جیمنائی لائیو کے لیے بھی یہ آپشن متعارف کرایا جا رہا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جیمنائی کی سیٹنگز میں اس کا آپشن دیا جائے گا اور صارفین کو لاک ڈیوائسز میں میسجز بھیجنے یا کالز کرنے کے آپشن کو ٹرن آن کرنا ہوگا۔
آپ اے آئی اسسٹنٹ سے مختلف افراد کو میسجز بھیجنے یا کالز کرنے کی ہدایت کرسکیں گے، یہ فیچر گاڑی چلاتے ہوئے یا کسی کام میں مصروف ہونے کے دوران زیادہ مددگار ثابت ہوگا۔
کوڈ سے یہ عندیہ بھی ملا کہ جیمنائی کے انٹرفیس کو بھی تبدیل کرکے سادہ بنایا جا رہا ہے۔
گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو جیمنائی فیچرز کا ہب بنایا جا رہا ہے تاکہ اسے دیگر اے آئی اسسٹنتس سے بہتر بنایا جاسکے۔