Time 27 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

بجٹ 45 کروڑ اور آمدنی صرف 60 ہزار، بھارت کی سب سے بڑی فلاپ فلم کونسی ہے؟

بجٹ 45 کروڑ اور آمدنی صرف 60 ہزار، بھارت کی سب سے بڑی فلاپ فلم کونسی ہے؟
گزشتہ سال بھارتی سنیما گھروں کی زینت بننے کے باوجود فلم زیادہ مقبول نہ ہو سکی بعدازاں فلم کو پروڈکشن ہاؤس ٹی سیریز کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ریلیز کیا گیا/فوٹوفائل

بالی وڈ فلموں کی بات کی جائے تو ذہن میں کروڑوں کا بجٹ اور دگنی آمدنی کا تصور ذہن میں آتا ہے لیکن ایسا ہر فلم کیلئے ضروری نہیں۔

بالی وڈ ڈائریکٹر اجے بہل کی 2023 میں بنائی جانے والی تھرلر فلم ’دی لیڈی کلر‘  وہ بدقسمت فلم ہے جسے بھارت کی سب سے بڑی فلاپ فلم ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

تھرلر فلم ’دی لیڈی کلر‘ ایک کیمسٹ کی کہانی ہے جو ایک پراسرار عورت کے ساتھ الجھ کر مصیبت میں پھنس جاتا ہے، اس فلم میں اداکار ارجن کپور اور بھومی پڈنیکر نے مرکزی کردار ادا کیا۔

فلم کو بھوشن کمار نے اپنے ٹی سیریز  بینر کے تحت پروڈیوس کیا جبکہ فلم کی شوٹنگ کا آغاز 2022 میں کیا گیا تھا  لیکن فلم 2023 میں کئی بار شوٹس کی وجہ سے مقررہ بجٹ سے تجاوز کر گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’دی لیڈی کلر ‘45 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے تیار کی گئی لیکن اس کی ریلیز پر اس فلم کو دیکھنے والے ناظرین نہ مل سکے، ریلیز کے پہلے دن بھارت بھر میں فلم کے صرف 293 ٹکٹ فروخت ہوئے جس سے فلم کی پہلی دن کی آمدنی ایک لاکھ بھارتی روپے سے بھی کم رہی۔ 

فلم ناکام کیوں؟ ڈائریکٹر کا اعتراف

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کی ریلیز کے وقت ڈائریکٹر اجے بہل نے یوٹیوب کمنٹ میں اعتراف کیا تھا کہ ان کی فلم نامکمل ہے،117 صفحوں کے اسکرین پلے میں سے 30 صفحات کبھی شوٹ ہی نہیں کیے گئے۔

اجے بہل کا کہنا تھا کہ اس فلم کے کئی اہم مناظر، ارجن اور بھومی کی پوری رومانوی کہانی، بھومی کا شراب پر انحصار، ارجن کا پھنس جانے کا احساس، سب کچھ کھو دینے کا خوف اور شہر سے بھاگنے کی ضرورت، اس کی مکمل مایوسی جیسے تمام نفسیاتی پہلو غائب ہیں، اس لیے یہ حیرت کی بات نہیں کہ فلم بے ترتیب اور بکھری ہوئی محسوس ہوتی ہے اور ناظرین کے لیے کرداروں سے جڑنا مشکل ہو جاتا ہے۔

دی لیڈی کلر کی ڈیجیٹل ریلیز

  ریلیز کی مضحکہ خیز نوعیت  کو بھانپتے ہوئے  فلم  کے مرکزی اداکاروں  ارجن کپور  اور بھومی پڈنیکر  نے فلم کی تشہیر نہیں کی تھی لہٰذا فلم کے  ٹریلر ریلیز کے علاوہ کوئی پروموشنل  تشہیر نہ کی جاسکی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال سنیما گھروں کی زینت بننے کے باوجود  یہ  فلم  زیادہ مقبول نہ ہو سکی، بعدازاں ’دی لیڈی کلر‘ کو گزشتہ ماہ پروڈکشن ہاؤس ٹی سیریز کے آفیشل یوٹیوب چینل پر ریلیز کر دیا گیا لیکن ایک ماہ کے دوران یوٹیوب پر بھی اس فلم کو 2.4 ملین مرتبہ دیکھا گیا جبکہ اس فلم پر ناظرین کے تبصرے بھی منفی ہیں۔

مزید خبریں :