Time 27 اکتوبر ، 2024
دنیا

رتن ٹاٹا کی وصیت میں کس کو کیا ملا؟

رتن ٹاٹا کی وصیت میں کس کو کیا ملا؟
فوٹو: فائل

گزشتہ دنوں انتقال کرجانے والے بھارت کے معروف صنعت کار رتن ٹاٹا کی وصیت سامنے آگئی۔

رتن ٹاٹا اپنے پیچھے 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے سے زائد کی جائیداد چھوڑ کر گئے ہیں اور ان کی وصیت میں جہاں جائیداد کو ان کے بھائی بہنوں میں تقسیم کیا گیا ہے وہیں ان کے پالتو کتے ٹیٹو کے لیے بھی کچھ چیزیں وقف ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رتن ٹاٹا نے اپنی وصیت میں اپنے پالتو جرمن شیفرڈ ٹیٹو کی لامحدود دیکھ بھال کے لیے انتظام کیا ہے اور ٹیٹو کی دیکھ بھال کی ذمہ داری رتن ٹاٹا کے باورچی رجن شا کی ہوگی۔

رتن ٹاٹا نے اپنے باورچی اور خانساماں کے لیے بھی اپنی جائیداد میں حصہ رکھا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق رتن ٹاٹا نے اپنی جائیداد میں سے اپنے بھائی اور سوتیلی بہنوں کو بھی حصہ دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ٹاٹا گروپ کی ہولڈنگ کمپنی ٹاٹا سنز میں رتن ٹاٹا کے شیئرز رتن ٹاٹا انڈومنٹ فنڈ کو منتقل ہوجائیں گے۔

وصیت کے مطابق رتن ٹاٹا کو ملنے والے ایوارڈز ٹاٹا سینٹرل آرکائیوز میں جمع ہوں گے تاکہ وہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہ سکیں۔

رتن ٹاٹا نے اپنے ایگزیکٹو اسسٹنٹ شنتانو نائیڈوکے کاروبار میں سرمایہ کاری کی ہوئی تھی اور وصیت کے مطابق انہوں نے اس کاروبار میں اپنا حصہ چھوڑ دیا ہے اور نائیڈو کی جانب سے بیرون ملک تعلیم کے حوالے سے  دیے گئے قرض کو بھی معاف کردیا ہے۔

خیال رہے کہ معروف بھارتی صنعت کار اور کاروباری شخصیت رتن ٹاٹا 9 اکتوبر کو  86 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔

مزید خبریں :