Time 27 اکتوبر ، 2024
دنیا

4 اسرائیلیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں صرف 2 روز کی جنگ بندی، مصری صدر کی نئی تجویز

4 اسرائیلیوں کی رہائی کے بدلے غزہ میں صرف 2 روز کی جنگ بندی، مصری صدر کی نئی تجویز
فوٹو: فائل

مصری صدر عبد الفتح السیسی نے غزہ میں قید 4 اسرائیلی قیدیوں کی بدلے غزہ میں صرف 2 روز کی جنگ بندی کی نئی تجویز پیش کردی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق مصری صدر کی جانب سے پیش کی جانے والی تجویز میں کہا گیا ہے کہ 4 اسرائیلیوں کے بدلے اسرائیلی جیلوں میں قید کچھ فلسطینی رہا کیے جائیں گے اور غزہ میں 2 دن کی جنگ بندی ہوگی۔

مصری صدر نے کہا کہ تجویز میں یہ نکتہ بھی شامل ہے کہ اس عارضی جنگ بندی کے 10 روز کے اندر مستقل جنگ بندی کے لیے مذاکرات کا آغاز ہوگا۔

اب تک حماس اور اسرائیل کی جانب سے اس تجویز پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے تاہم مذاکرات کے حوالے سے باخبر فلسطینی اہلکار نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی کو بتایا ہے کہ انہیں امید ہے کہ حماس اس نئی تجویز پر غور کرے گی لیکن حماس اس بات پر قائم ہے کہ کسی بھی معاہدے کے نتیجے میں جنگ ختم ہونی چاہیے اور اسرائیلی افواج کا غزہ سے انخلا ہونا چاہیے۔

دوسری جانب اسرائیل کا مؤقف رہا ہے کہ جنگ اس وقت تک ختم نہیں ہوسکتی جب تک غزہ سے حماس کا خاتمہ نہ کردیا جائے۔

مصری صدر کی جانب سے یہ نئی تجویز اس وقت پیش کی گئی ہے جب طویل تعطل کے بعد جنگ بندی کے حوالے سے کوششیں دوبارہ شروع ہوئی ہیں جن میں سی آئی اے اور موساد کے سربراہان بھی شریک ہیں۔

مزید خبریں :