31 اکتوبر ، 2024
مختلف تہذیبوں کے حسین رنگ، ثقافتی تبادلے، اور محبت و ہم آہنگی کے پیغام کے ساتھ آرٹس کونسل کراچی میں جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 35 ویں روز آذربائیجان کے آرٹسٹوں کی فن پاروں کی تصویری نمائش ہوئی۔
آرٹس کونسل کراچی میں جیو اور جنگ کے اشتراک سے جاری ورلڈ کلچر فیسٹیول کا 35 واں روز آذربائیجان کی ثقافتی جھلکیاں دکھاتے ہوئے شروع ہوا، وزیرداخلہ ضیا الحسن لنجار نے وزیرثقافت ذوالفقار علی شاہ اور صدر آرٹس کونسل کراچی احمد شاہ کے ہمراہ آذربائیجان کے مصوروں کے فن پاروں پر مبنی تصویری نمائش کا افتتاح کیا۔
اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آذربائیجان آرٹس کونسل کے صدر دادش مامیدوو نے کہا دونوں ممالک کی ثقافت میں کئی قدریں مشترک ہیں۔
فیسٹیول کے 35 ویں روز سر شام مدھم روشنیوں میں جرمن میوزک گروپ کی جاز پرفارمنس نے بھی محفل میں رومانوی ماحول پیدا کر دیا، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری بھی جیز میوزک سے محظوظ ہوئے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ طویل فیسٹیول کی میزبانی پر کراچی کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ضرورآنا چاہیے۔
تہذیبوں کو قریب لاتے رواداری، روشن خیالی، اور محبت کا پیغام دیتے میلے کے 36 ویں دن علی اور ڈریگن بچوں کا دل بہلائے گا۔