Time 03 نومبر ، 2024
پاکستان

کراچی کے تاجر نئی ائیرلائن شروع کرنے میں سنجیدہ ہیں، ان سے کہا ہے نام ’پی کے‘ رکھیں: گورنر سندھ

کراچی کے تاجر نئی ائیرلائن شروع کرنے میں سنجیدہ ہیں، ان سے کہا ہے نام ’پی کے‘ رکھیں: گورنر سندھ
تاجر چاہتے ہیں، ایک سال کیلئے پی آئی اے انھیں دی جائے: کامران ٹیسوری— فوٹو:فائل

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی کے تاجروں نے وابستگی کی وجہ سے پی آئی اے لینے میں دلچسپی لی، کراچی کے تاجر مسلسل مجھ سے رابطہ کرکے ائیرلائن کے معاملے پربات کررہے ہیں۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھاکہ پی آئی اے سے ہمارے ملک اورنسلوں کی تاریخ جڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے تاجروں نے وابستگی کی وجہ سے پی آئی اے لینے میں دلچسپی لی، کراچی کے تاجر مسلسل مجھ سے رابطہ کرکے ائیرلائن کے معاملے پربات کررہے ہیں، کراچی کے تاجر چاہتے ہیں، ایک سال کیلئے  پی آئی اے انھیں دی جائے۔

ان کا کہنا تھاکہ کراچی کے تاجر نئی ائیرلائن شروع کرنے میں بھی سنجیدہ ہیں، ان سے کہا ہے نئی ائیرلائن کا نام ’پی کے‘ رکھیں، نئی ائیرلائن میں پی کا مطلب پاکستان، کے معنی کراچی ہوں گے۔

گورنرسندھ کا کہنا تھاکہ پنجاب ائیرقائم ہوتی ہےتوبھی اچھا قدم ہے، روزگارکےمواقع پیدا ہوں گے، کراچی ائیرشروع کی گئی تو ملازمتوں کے مزید مواقع پیدا کیے جاسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ تاجروں کی آواز بن کرملک کو روزگار لوگوں کوخوشحالی دیناچاہتاہوں۔

خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے پنجاب ائیر کے نام سے ائیرلائن شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب ائیرلائن کی فزیبیلٹی پرکام شروع کردیا ہے، پنجاب ائیرلائن پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے اشتراک سے لائی جائے گی اور ائیرلائن میں حکومت پنجاب کے شیئرز بھی ہوں گے۔

مزید خبریں :