05 نومبر ، 2024
بھارت میں بروقت ایمبولینس نہ ملنے پر خاتون نے ہاتھ گاڑی پر بچے کو جنم دے دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع سیدھی میں پیش آیا جہاں 26 سالہ ارمیلا راجک نامی حاملہ خاتون کی طبیعت بگڑگئی۔
انتظامیہ نے بتایا کہ خاتون تنگ گلیوں والے علاقے میں رہتی تھی جسے ایمبولینس کیلئے مین روڈ تک آنے کی ضرورت تھی۔
انتظامیہ کے مطابق ایمبولینس کے تاخیر سے پہنچنے کے سبب خاتون کی فیملی نے طبیعت کو دیکھتے ہوئے ہاتھ گاڑی پر ہی انہیں اسپتال پہنچانے کا بندوبست کیا لیکن خاتون کے ہاں اسپتال پہنچے سے قبل ہی بچے کی پیدائش ہوگئی۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ اسپتال پہنچنے کے بعد عملے نے خاتون کا معائنہ کیا اور 24 گھنٹے قبل بچے کے رحم میں ہی فوت ہونے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
انتظامیہ کا کہنا ہےکہ خاتون کے اہل خانہ کی جانب سے سینٹرلائزڈ کال سینٹر پر کال کرنے کے تقریباً 25 منٹ بعد ایمبولینس پہنچی جس پر محکمہ صحت کے اہلکاروں کو نوٹس بھیجے گئے ہیں۔