05 نومبر ، 2024
پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے سروسزچیفس کی مدت ملازمت میں اضافے کو مسلح افواج کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھاکہ حکومت نے گزشتہ روز عدلیہ اور پوری قوم پر حملہ کیا، حکومت اب مقتدرہ کی خواہش پر جج لگائے گی اور پاکستان کو ایک محکوم ملک بنانے کی سازش کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد ذہن رکھنے والوں کیلئے دروازے بند کر دیئے گئے ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہے ڈرے ہوئے انسانوں کی طرح رہنا ہے یا آزاد قوم کی طرح؟ ہمیں اور ہمارے بچوں کو بھی دبایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ آج ہماری نوجوان نسل مایوس ہو چکی ہے، وہ ملک سے فرار چاہتے ہیں، ہم ڈر گئے ، سہم گئے تو ملک میں تاریکی کا راج ہو گا۔
سروسزچیفس کی مدت سے متعلق پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ سروسزچیفس کی مدت ملازمت میں اضافہ مسلح افواج کا اندرونی معاملہ ہے، یہ قانون سازی جس طرح سے کی گئی ہے اس طرح نہیں ہونی چاہیے تھی۔
ان کا کہنا تھاکہ بہرحال یہ ایک واقعہ ہے جو ہوگیا ہے، اس کے ساتھ ہی آگے بڑھیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ اور ججز ایکٹ میں ترمیم کے بل منظور کیے تھے، آرمی، نیول اور ائیر فورس ایکٹ میں ترمیم کے مطابق سروسز چیفس کے عہدے کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی۔
قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے 12 کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کیا تھا۔
قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی یہ بلز منظور کرلیے تھے اور قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی کے دستخط کے بعد قانون بن گئے ہیں۔