06 نومبر ، 2024
امریکی ریاست نیو یارک سے تعلق رکھنے والی سوشل میڈیا اسٹار گلہری کو مار دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر 'پینٹ' نامی گلہری نے دھوم مچائی ہوئی تھی جو اپنی کھیل کود اور ذہانت کی وجہ سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھی۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پینٹ کو اس کے مالک لونگو نے بہت بری حالت میں ریسکیو کیا تھا جس کے بعد سے وہ پچھلے 7 سالوں سے مالک کے ساتھ رہ رہی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ پینٹ کے انسٹاگرام پر 5 لاکھ سے زیادہ فالوورز تھے جب کہ پینٹ کے ساتھ ایک اور 'فریڈ' نامی جانور رکون بھی گھر میں رہ رہا تھا۔
پینٹ سوشل میڈیا کے علاوہ خبروں کی زینت اس وقت بنی جب نیویارک اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ آف انوائرمینٹل کنزرویشن نے گھر میں چھاپا مار کر پینٹ اور فریڈ کو پکڑ لیا تھا۔
اس حوالے سے انتظامیہ نے بتایا کہ دونوں جنگلی جانور انسانی آبادی میں رہ رہے تھے جس کی وجہ سے انسانوں میں ریبیز کے پھیلنے کا خطرہ تھا اور اسی لیے دونوں جانوروں کو مار دیا گیا، جنگلی جانوروں کو گھر میں رکھنا غیر قانونی ہے۔
تلاشی کے دوران پینٹ نے ایک سرکاری افسر کو بھی کاٹا تھا۔