06 نومبر ، 2024
ٹرمپ کے دوسری مرتبہ امریکی صدر منتخب ہونے پر یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے بھی انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
ایکس پر جاری بیان میں یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کی شاندار انتخابی فتح پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ مجھے یاد ہے ستمبر میں صدر ٹرمپ کے ساتھ اہم ملاقات ہوئی تھی، جس میں ہم نے یوکرین امریکا اسٹریٹجک شراکت داری اور روسی جارحیت کے خلاف یوکرین کے ساتھ مل کر اقدامات پر تفصیل سے گفتگو کی تھی۔
ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ میں صدر ٹرمپ کی عالمی امور میں 'قوت کے ذریعے امن' کے اصول کی بھرپور حمایت کرتا ہوں۔ یہ وہی اصول ہے جو یوکرین میں امن کے قیام کو عملی طور پر قریب لاسکتا ہے، مجھے امید ہے کہ ہم اسے مل کر عملی جامہ پہنا سکیں گے۔
یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے لیے دلچسپی رکھتے ہیں، جو دونوں قوموں کے لیے فائدہ مند ہوگا۔
ولادیمیر زیلنسکی کا مزید کہنا تھا کہ میں ذاتی طور پر صدر ٹرمپ کو مبارک باد دینے اور امریکا کے ساتھ یوکرین کی اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر بات کرنے کا منتظر ہوں۔
خیال رہے کہ صدارتی انتخابات میں کامیابی پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں نئی جنگیں شروع کرنے کے بجائے جاری جنگیں ختم کرنے کا اعلان کیا۔
صدارتی الیکشن میں کامیابی کے بعد فلوریڈا میں وکٹری اسپیچ کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آج ہم نے تاریخ رقم کی ہے، امریکا نئی بلندیوں پر پہنچے گا اور ملک کے تمام معاملات اب ٹھیک کریں گے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میں کوئی نئی جنگ شروع نہیں کروں گا بلکہ جنگوں کو ختم کروں گا۔