10 نومبر ، 2024
وزیردفاع خواجہ آصف نےکہا ہےکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کمپرومائزڈ ہیں اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی مرضی سے کمپرومائزڈ ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام 'نیا پاکستان' میں بات کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نےکہا کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانے کے علی امین گنڈاپور کے اعلانات 'بڑھکیں' ہیں، اس احتجاجی کال سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت پی ٹی آئی میں کوئی 50 فیصد تو کوئی 25 فیصد کمپرومائزڈ ہے۔ پی ٹی آئی میں ہر کوئی اپنی سہولت کے مطابق کمپرومائزڈ ہے۔
بھارت کے چیمپئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہ آنے کی خبروں پر خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اس وقت پاکستان کے ساتھ بالواسطہ جنگ کی حالت میں ہے اور وہ اس معاملے پر بھارت کو سخت ردعمل دینے کے حق میں ہیں۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ پارٹی کے بانی عمران خان اسی ماہ کال دیں گے، اس کال پر جب گھروں سے نکلیں گے تو اس وقت تک واپس نہیں آئيں گے جب تک بانی کو رہا نہیں کروالیں گے۔
صوابی میں جلسے سے خطاب میں علی امین گنڈا پور کا کہنا تھاکہ قربانی کے بغیر آزادی نہیں ملتی اور حقیقی آزادی کےلیے ہمیں قربانی دینی پڑے گی، بغیر قربانی کے حق، آزادی اور عزت نہیں ملےگی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی میں فیصلے کا اختیار صرف بانی پی ٹی آئی کو ہے، حکومت کو بتانا چاہتا ہوں ہمارے لوگوں کے ساتھ ظلم کیا، ہم ایک ہیں اور ایک ہوکر آگے نکلنا ہے، چاہے جان بھی چلی جائے، بانی پی ٹی آئی کو رہا کراکر دم لیں گے اور جب تک بانی پی ٹی آئی کو رہا نہیں کریں گے واپس نہیں آئیں گے۔