Time 10 نومبر ، 2024
کھیل

کپتان اچھا مل جائے تو ٹیم گراؤنڈ میں پرفارم کرتی ہے: راشد لطیف کی رضوان کی تعریف

سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف کا کہنا ہے کہ کپتان اچھا مل جائے تو ٹیم گراؤنڈ میں پرفارم کرتی ہے۔

آسٹریلیا میں 22 سال بعد پاکستان ٹیم کی جانب سے ون ڈے سیریز جیتنے پر راشد لطیف نے کہا کہ اس جیت میں کئی چیزوں کا کردار تھا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں  بات کرتے ہوئے راشد لطیف نے کہا کہ جب کپتان اچھا مل جائے تو ڈریسنگ روم میں ٹیم بن کر جاتی اور گراؤنڈ میں پرفارم کرتی اور ہمیں یہ چیز نظر آرہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس جیت میں کپتانی، کھلاڑیوں کی سلیکشن اور پچز کی کنڈیشن سب کا عمل دخل رہا۔

راشد لطیف کا کہناتھا کہ بولرز اور بیٹرز نے توقعات سے بڑھ کر پرفارم کیا، آسٹریلوی کھلاڑی جو وہاں کی پچز کو جانتے تھے انہیں آؤٹ کرنا اور ان کے خلاف اچھی بیٹنگ کرنا پاکستان کی کرکٹ کے لیے خوش آئند ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کے حوالے سے راشد لطیف نے کہا کہ  ایشیا کپ میں ہائبرڈ ماڈل چل سکتا ہے، وہاں بے وقوف بنایا جا سکتا ہے لیکن آئی سی سی کے ایونٹ میں یہ نہیں ہو سکتا، اگر ایک ملک چاہ رہا ہے کہ پاکستان نہیں جانا تو ایسا نہیں چلے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے 22 سال بعد آج آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں شکست دی ہے۔

پرتھ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ سیریز کا فیصلہ کن میچ کھیلا گیا جہاں پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی نے میزبان ٹیم کو 140 رنز پر ڈھیر کردیا اور پاکستان نے 141 رنز کا ہدف 27 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دے دی۔


مزید خبریں :