Time 15 نومبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

یوٹیوب نے صارفین کو کمانے کا ایک نیا ذریعہ فراہم کر دیا

یوٹیوب نے صارفین کو کمانے کا ایک نیا ذریعہ فراہم کر دیا
کمپنی کی جانب سے یہ فیچر سب سے پہلے امریکا میں متعارف کرایا جا رہا ہے / رائٹرز فوٹو

ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب نے صارفین کے لیے آمدنی کے حصول کا ایک نیا ذریعہ متعارف کرا دیا ہے۔

جی ہاں اگر آپ یوٹیوب پر لائیو اسٹریمنگ کرنا پسند کرتے ہیں تو کمپنی کی جانب سے کمانے کا نیا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے کریٹیرز کےلیے ایک نیا فیچر جیولز متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے وہ  ورٹیکل لائیو اسٹریمز کے ذریعے آمدنی حاصل کرسکیں گے۔

جیولز ایک ایسی ڈیجیٹل کرنسی ہے جسے آپ پسندیدہ کریٹیرز کو 'گفٹ' کے طور پر بھیج سکیں گے۔

یہ گفٹ انیمیشن کی شکل میں لائیو اسٹریمز کی اسکرین پر نظر آئے گا۔

یہ فیچر ٹک ٹاک کے لائیو گفٹ فیچر سے ملتا جلتا ہے جس میں صارفین کوائنز خرید کر تحفے کے طور پر بھیجتے ہیں۔

یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ جب ناظرین جیولز کو استعمال کرکے گفٹ ارسال کریں گے تو کریٹیرز کو روبیز موصول ہوں گے، ایک روبی کے عوض ایک امریکی سینٹ ملے گا، یعنی 100 روبیز کے بدلے ایک ڈالر ملے گا۔

اگلے 3 ماہ تک اہل کریٹیرز ان جیولز سے ہونے والی آمدنی پر 50 فیصد بونس بھی حاصل کرسکیں گے۔

کریٹیرز کو یہ تحفہ اسی وقت مل سکے گا جب وہ ورٹیکل لائیو اسٹریم یوٹیوب پر کریں گے اور صارفین صرف موبائل ایپ پر ہی جیولز بھیج سکیں گے۔

یہ فیچر فی الحال امریکا میں صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے مگر امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں اسے دنیا کے دیگر ممالک میں بھی متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

اس فیچر سے آمدنی کا حصول ان کریٹیرز کے لیے ممکن ہوگا جو یوٹیوب پارٹنرز پروگرام کا حصہ ہوں گے۔

مزید خبریں :