21 نومبر ، 2024
آسٹریلیا کے اسکول نے دنیا کی بہترین عمارت کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مضافاتی علاقے چیپینڈیل میں قائم ڈارلنگٹن پبلک اسکول نے خوبصورتی میں تمام فلک بوس عمارتوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگاپور میں ’ورلڈ آرکیٹیکچر فیسٹیول' کا انعقاد کیا گیا جہاں 220 خوبصورت اور بلند و بالا عمارتوں میں سے چیپینڈیل کے اسکول نے ’ورلڈ بلڈنگ آف 2024' کا ٹائٹل جیتا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسکول کی یہ عمارت اپنی خوبصورتی کی وجہ سے 2013 میں بھی 'آکلینڈ آرٹ گیلری توئی او تماکی' میں پہلا اعزاز حاصل کرچکی ہے۔
عمارت کی خاصیت
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ ایک پرانی عمارت تھی، جسے سڈنی کے آرکیٹیک نے اپنی مہارت سے پرکشش بنایا ہے، اس بلڈنگ کی ایک مخصوص 'ساؤ ٹوتھ' چھت ہے جبکہ اسکول میں بچوں کے کھیلنے کے لیے ایک بڑا باسکٹ بال کورٹ اور ایک کمیونٹی گارڈن بھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ’ورلڈ آرکیٹیکچر فیسٹیول' 18 مختلف کیٹیگریز پر مشتمل تھا جس میں سنگاپور میں بزرگ شہریوں کے لیے بنائے گئے ایک ہاؤسنگ کمپلیکس اور ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ایک چھت پر بنائے گئے ویسٹ ٹو انرجی پاور پلانٹ کی عمارت کے ڈیزائن کو بھی سراہا گیا۔