Time 22 نومبر ، 2024
کاروبار

دفاعی نمائش آئیڈیاز میں غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے طے پاگئے

کراچی: دفاعی نمائش آئیڈیاز میں غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے طے پاگئے۔

نمائش میں غیر ملکی کمپنیوں سے معاہدے ہونے کے بعد پاکستان میں تیار کی گئی بم پروف گاڑیاں اب برآمد بھی کی جائیں گی۔

نجی شعبے کے تحت مسلح افواج کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بلٹ پروف اور بم پروف گاڑیاں انٹرنیشنل اسٹینڈرڈ کے مطابق مقامی سطح پر تیار کی جارہی ہیں۔

گاڑی کی تیاری کے بعد اس پر فائرنگ کرکے ٹیسٹنگ بھی کی جاتی ہے، پسنجر کمپارٹمنٹ کے علاوہ انجن روم، بیٹری اور فیول ٹینک کو بھی پروٹیکشن دی جاتی ہے، گاڑی کے ٹائروں میں رن فلیٹ لگائے جاتے ہیں جو ٹائر برسٹ ہونے کے بعد 50 کلومیٹر تک چلتے ہیں۔

ان گاڑیوں کی ایکسپورٹ سے ایک طرف اس شعبے میں پاکستان کی تکنیکی ساکھ بہتر ہوگی تو دوسری طرف یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر مسلح افواج کے ساتھ ملکی دفاع میں نہایت اہم کردار ادا کر رہا ہے۔