Time 24 نومبر ، 2024
پاکستان

اسلام آباد: حکومتی ٹیموں اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے، مذاکرات

اسلام آباد: حکومتی ٹیموں اور پی ٹی آئی کے درمیان رابطے، مذاکرات
فوٹو: فائل

اسلام آباد میں 24 نومبر کو پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے پیش نظر  پی ٹی آئی اور حکومتی ٹیموں کے درمیان رابطوں اور مذاکرات کے خبریں گردش میں ہیں۔

ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ، محسن نقوی اور ایک اعلیٰ سیاسی شخصیت کے پی ٹی آئی سے رابطے ہوئے، حکومتی وفد میں شامل ایک شخصیت نےوزیراعظم سےبھی مذاکرات پر مشاورت کی۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی قیادت اور وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور حکومتی مذکراتی ٹیم کے رویےکو مثبت سمجھ رہے ہیں، بیرسٹر گوہر کی جانب سے علی امین گنڈاپور کو مذاکرات کا مکمل اختیار دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے بھی کشیدگی بڑھانے کی بجائے سنجیدہ نکات پر بحث کیلئے مثبت رویہ دکھایا ہے۔ مشاورت کیلئے کچھ وقت دیکر بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے راستے ہموار کیے جاسکتے ہیں۔

باخبر ذرائع کے مطابق مشاورتی ٹیم اڈیالہ جا کر رہائی کی کوششوں اور حکومت سے انگیجمنٹ کے راستے بتائے گی، مذکرات ہوتے ہیں تو رہائی کے فوری مطالبے کی بجائے مزید آپشنز پر بھی بات کے امکانات ہیں۔

ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے بیان سے مذکرات کے ماحول میں خلل پڑا جبکہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلے کے تناظر میں بھی تاحال مذاکرات پر جواب نہیں دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فریقین دونوں جانب سے انا اور ضد کو مذاکرات میں رکاوٹ کا سمجھ رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی کا فوری رہائی کا مطالبہ بھی مذاکرات کی کامیابی میں رکاوٹ ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا تھا اور کہاکہ ہم اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

مزید خبریں :