27 نومبر ، 2024
روزانہ کتنے قدم چلنا عمر بڑھنے کے ساتھ امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور قبل از وقت موت کے خطرے کو کم کرنے کے لیے ضروری ہے؟
اس سوال کا جواب اسپین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔
Granada یونیورسٹی کی تحقیق میں پہلی بار یہ تعین کیا گیا کہ روزانہ کتنے قدم چلنے سے لوگوں کی صحت کو سب سے زیادہ فائدہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ 1960 کی دہائی میں یہ خیال سامنے آیا تھا کہ اچھی صحت کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنا چاہیے۔
مگر اس تحقیق میں پہلی بار سائنسی طور پر ثابت کیا گیا کہ قبل از وقت موت کا خطرہ کم کرنے کے لیے روزانہ 7 سے 8 ہزار قدم چلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
8 ہزار قدم چلنے کو آپ روزانہ 6.4 کلو میٹر چہل قدمی کے برابر سمجھ سکتے ہیں۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ چلنے کی رفتار سے بھی صحت کو اضافی فائدہ ہوتا ہے، یعنی سست کی بجائے تیزی سے چلنا زیادہ بہتر ہے۔
اس تحقیق میں ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد افراد پر ہونے والی 12 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔
تحقیق کے نتائج حالیہ تحقیقی رپورٹس سے مطابقت رکھتے ہیں، جن میں بتایا گیا تھا کہ 10 ہزار قدم سے کم چلنا بھی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق ہماری تحقیق اس لیے مختلف ہے کیونکہ ہم نے پہلی بار واضح طور پر بتایا ہے کہ روزانہ کتنے قدم چلنا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر فرد کے لیے روزانہ 10 ہزار قدم چلنا ممکن نہیں ہوتا، کم از کم آغاز میں تو بہت مشکل ہوتا ہے، مگر بتدریج قدموں کی تعداد بڑھانے سے صحت کو بھی فائدہ ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ اگر آپ کم قدم چلتے ہیں مگر تیزی سے چلتے ہیں تو قبل از وقت موت کا خطرہ نمایاں حد تک کم ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق آپ روزانہ جتنے زیادہ قدم چلنے کی کوشش کریں، صحت کو اتنا فائدہ ہوگا، مگر کم از کم 7 سے 8 ہزار قدم چلنے کی کوشش ضرور کریں۔
انہوں نے کہا کہ 7 سے 8 ہزار قدم چلنے سے دل کی شریانوں سے جڑے امراض اور قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوتا ہے، جبکہ دیگر تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے صحت کو متعدد فوائد ہوتے ہیں، جیسے نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بالغ افراد کو ایک ہفتے میں 150 سے 300 منٹ تک معتدل سے سخت ورزشیں کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے، مگر ہر فرد کے لیے یہ بہت مشکل ہوتا ہے، تو روزانہ چند ہزار قدم چلنا ہر ایک کے لیے ممکن ہے۔
اس تحقیق کے نتائج جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی میں شائع ہوئے۔