Time 29 نومبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے قرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کیلئےقرارداد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرادی گئی۔

رکن پنجاب اسمبلی رانامحمد فیاض نےپی ٹی آئی پرپابندی کی قراردادسیکرٹری اسمبلی کوجمع کرادی جس میں تحریک انصاف پر فوری طور پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ 

قرار داد کے متن میں کہا گیاہے کہ کچھ عرصے سے سیاست کی آڑ میں ایک انتشار پسند گروہ سماجی روایات کی مکمل طور پردھجیاں بکھیر رہا ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ انتشاری ٹولے نے وطن عزیز اور اس کی سلامتی کے ضامن اداروں کے خلاف بھیانک سازش کی ۔اپنے مذموم سیاسی عزائم کی تکمیل کے لیے ملک میں خانہ جنگی کرانے کی ناکام کوشش کی گئی۔

قرارداد کے مطابق یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ 24 نومبر کے ذمہ داروں اور منصوبہ سازوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچایاجائے، اس انتشاری ٹولے پر جو ایک سیاسی جماعت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے فی الفور پابندی عائد کی جائے، تاکہ آئندہ کوئی فرد یا گروہ ایسی گھناؤنی سازش کا سوچنے سے بھی گریز کرے۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل بلوچستان اسمبلی نے پی ٹی آئی پر پابندی کی قرارداد منظور کی تھی۔

قرار داد میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی سیاسی انتشاری ٹولے کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ قرار داد پر اپوزیشن جماعتوں نے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔

مزید خبریں :