29 نومبر ، 2024
روس میں اپنی نوعیت کا ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں پالتو بلی کے حملے میں زخمی ہونے کے بعد مالک زیادہ خون بہنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 22 نومبر کو روس کے ضلع کریشسکی کے علاقے لینن گراڈ میں پیش آیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 55 سالہ روسی شہری (Dmitry Ukhin) کی بلی 2 دن سے غائب تھی، تاہم کافی تلاش کے بعد بلی سڑک سے ملی تو وہ اسے واپس گھر لے آیا۔
اسی شام بلی اچانک پرتشدد ہوگئی اور اپنے مالک کی ٹانگ پر پنجے مار دیے جس کی وجہ سے کافی خراشیں آنے سے اس کی حالت خراب ہوگئی۔
رپورٹ کے مطابق 55 سالہ Dmitry Ukhin پہلے سے صحت کے مسائل سے دوچار تھا، وہ شوگر اور بلڈپریشر کے مرض میں مبتلا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب بلی کا مالک خراشوں کے باعث نکلنے والا خون روکنے میں ناکام رہا تو اس نے اپنے ہمسائے سے مدد طلب کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رات 11 بجے ایک شخص نے طبی ایمرجنسی سروسز پر کال کرکے اطلاع دی کہ میرے دوست کی ٹانگ سے خون نکل رہا ہے اور اس کی نس پھٹ گئی ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق خراشیں اس قدر شدید تھیں کہ زیادہ خون بہنے سے بلی کے مالک کی موت ہوگئی۔
ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے والے پڑوسی نے دعویٰ کیا کہ میڈیکل ٹیم کو پہنچنے میں کافی وقت لگا۔ بدقسمتی سے، جب وہ پہنچی تو بہت دیر ہو چکی تھی۔
بلی کے پنجوں کے باعث ہلاک ہونے والے شخص کی بیوی واقعے کے وقت گھر پر نہیں تھی اور انہوں نے پالتو بلی کی جانب سے شوہر پر حملے پر حیرت کا اظہار کیا۔