30 نومبر ، 2024
پشاور : وائس چیئرمین کے پی انویسمنٹ بورڈحسن مسعود کنور کا کہناہے کہ قومی ائیرلائن (پی آئی اے ) کی خریداری میں خیبرپختونخوا کی دلچسپی کے بعد اس کا وقار بڑھنا شروع ہوا۔
اپنے ایک بیان میں وائس چیئرمین کے پی انویسمنٹ بورڈ حسن مسعود نے کہا کہ وفاقی حکومت اور خواجہ آصف کو وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا شکریہ ادا کرنا چاہیےکیوں کہ قومی ائیرلائن کی خریداری میں خیبرپختونخوا کی دلچسپی کے بعد قومی ائیرلائن کا وقار بڑھنا شروع ہوا۔
انھوں نے کہا کہ قومی ائیرلائن اپنے پاؤں پرکھڑی ہونا شروع ہوئی ہے، ہمارا مقصد صرف قومی ائیرلائن کو خریدنا نہیں بلکہ اس کا وقار بھی بڑھانا تھا۔
وائس چئیرمین کے پی انویسمنٹ بورڈ نےمزید بتایا کہ خیبرپختونخوا قومی ائیرلائن کو خریدنے میں دلچسپی رکھتا ہے، وفاق کو خط لکھا ہے تاہم اس خط کا اب تک جواب نہیں ملا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پی آئی اےکی خریداری کے لیے واحد بولی دہندہ کمپنی نے رقم میں اضافے سے انکار کر دیا تھا، نجکاری کمیشن نے پی آئی اے کی کم از کم قیمت 85 ارب 3 کروڑ روپے رکھی تھی جبکہ بولی دینے والی واحد کمپنی نے 50 فیصد حصص خریدنے کے لیے 10 ارب روپے کی بولی لگائی۔
بعد ازاں خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی خریداری میں دلچسپی کے اعلانات سامنے آئے او ر خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی وزیر نجکاری کو خط لکھ کر کہا کہ وہ 10 ارب روپے کی بولی سے زیادہ کی بولی دینے کیلئے تیار ہیں۔
مزید برآں کے پی حکومت کی جانب سے قومی ائیرلائن پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے کیلئے وزیر نجکاری کو دوبارہ خط لکھا جاچکا ہے۔