Time 02 دسمبر ، 2024
کاروبار

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری، 1900سے زائد پوائنٹس کا اضافہ

پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اونچی اڑان کا سلسلہ جاری، 1900سے زائد پوائنٹس کا اضافہ
کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز سے ہی پاکستان اسٹاک ایکسچینج 100 انڈیکس میں مثبت تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ فوٹو فائل

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس کی اونچی اڑان کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔

کاروبار کے اختتام پر  100 انڈیکس مجموعی طور پر  1917 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ 3 ہزار 274 پر بند ہوا ہے۔

کاروبار کے دوران 100 انڈیکس نے آج نئی بلند ترین سطح ایک لاکھ 3 ہزار 386 پوائنٹس بنائی ہے۔

بازار میں آج ایک ارب 55 کروڑ شیئرز کے سودے 47 ارب روپے سے زائد میں طے ہوئے، جبکہ  مارکیٹ کیپٹلائزیشن 222 ارب روپے بڑھ کر 13 ہزار 107 ارب روپے ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس نے گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران ایک لاکھ کا تاریخی سنگ میل عبور کیا تھا، 100 انڈیکس نے 16 ماہ کے دوران 40 ہزار سے ایک لاکھ کا ہندسہ عبور کیا تھا جو دنیا کی کسی بھی اسٹاک ایکسچینج سے بہتر پوزیشن ہے۔