03 دسمبر ، 2024
قومی احتساب بیورو (نیب) کے سابق ڈائریکٹر جنرل شہزادسلیم کے خلاف مس کنڈکٹ پر نیب میں انکوائری شروع ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
چیئرمین نیب کی جانب سے سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کو چارج شیٹ جاری کردی گئی ہے اور سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم نے نیب چارج شیٹ کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا۔
جسٹس ارباب محمد طاہر نے سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی درخواست پر سماعت کی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو شہزاد سلیم کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا اور حکم دیاکہ فیصلے تک نیب شہزاد سلیم کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے جواب کیلئے نیب کو 16 دسمبر کیلئے نوٹس جاری کردیا۔
خیال رہے کہ 2022 میں پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر اپنے بیان میں خاتون طیبہ گل نے اُس وقت کے ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کرتےہوئے کہا تھا کہ گرفتاری کے بعد مجھے ٹرانزٹ ریمانڈ کے بغیر لاہور میں مجھے شہزاد سلیم کے پاس لے جایا گیا تو میرے کپڑے پھٹے ہوئے تھے، تلاشی میں ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے کہنے پر میرے کپڑے تک اتار دیے گئے تھے۔