18 دسمبر ، 2024
گوگل کے سرچ انجن میں ایک ایسے فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے جو آپ کے لیے بہت زیادہ کارآمد ثابت ہوسکے گا۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق گوگل سرچ میں آپ کی ڈیوائس میں محفوظ فائل اٹیچ کرنے والے فیچر کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے آپ کسی فائل کو اٹیچ کرکے اس کے اندر موجود مواد کے بارے میں سرچ کرسکیں گے یا اس کا تجزیہ کرسکیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس نئے فیچر کے ذریعے صارف سرچ بار پر پیپر کلپ آئیکون پر کلک کرکے فائل اپ لوڈ کرسکے گا۔
اس کے بعد صارف کے سامنے گوگل سرچ بار میں میسج آئے گا کہ آپ اس فائل کے بارے میں کچھ بھی پوچھ سکتے ہیں۔
گوگل کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی مدد سے فائل میں موجود مواد کے بارے میں آپ کے سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔
البتہ آپ کو اس کے لیے گوگل پر اعتماد کرنا ہوگا کہ وہ آپ کی فائل کا ڈیٹا غلط استعمال نہیں کرے گا۔
ابھی یہ فیچر صارفین کو دستیاب نہیں یا یوں کہہ لیں کہ اس کی محدود پیمانے پر آزمائش کی جارہی ہے۔
مگر امکان ہے کہ آنے والے ہفتوں یا مہینوں میں یہ تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا جائے۔
اس سے قبل گوگل کی جانب سے پرسنلائزڈ سرچ رزلٹس کو آسان سے سوئچ آف کرنے کا آپشن متعارف کرایا گیا تھا۔
گوگل سرچ رزلٹس میں نیچے اسکرول کرنے پر ایک نیا بٹن نظر آتا ہے جس پر Try without personalization لکھا ہوتا ہے۔
اس بٹن پر کلک کرنے پر گوگل کی جانب سے ایک نیا پیج لوڈ کیا جاتا ہے جس میں پرسنلائزڈ رزلٹس موجود نہیں ہوتے۔
پرسنلائزڈ رزلٹس سے مراد کسی سرچ انجن کی جانب سے پیش کیے جانے والے وہ سرچ رزلٹس ہوتے ہیں جو وہ صارف کی دلچسپیوں، ترجیحات اور ماضی کے رویوں کو مدنظر کر فراہم کرتا ہے۔
صارفین کی لوکیشن، سرچ ہسٹری اور اسی طرح کے ڈیٹا کو مدنظر رکھ کر گوگل سرچ انجن میں رزلٹس آپ کے سامنے آتے ہیں۔
گوگل کے ایک ترجمان نے بتایا کہ اس تبدیلی سے لوگوں کے لیے پرسنلائزڈ سرچ رزلٹس اور نان پرسنلائزڈ سرچ رزلٹس کے درمیان فرق سمجھنا آسان ہو جائے گا۔