Time 21 دسمبر ، 2024
پاکستان

کوئی آئیگا تو ناں نہیں کریں گے، زبردستی مذاکرات نہیں کرا سکتے: اسپیکر قومی اسمبلی

کوئی آئیگا تو ناں نہیں کریں گے، زبردستی مذاکرات نہیں کرا سکتے: اسپیکر قومی اسمبلی
آیت الکرسی اور درود شریف پڑھ کر پھونکیں گے تو راستہ بنتا جائے گا، جس کی منت کرنا پڑی کریں گے حکومت کی کمیٹی بھی بن جائے گی: سردار ایاز صادق۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مذاکرات میں تعاون کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ مذاکرات کریں،ہمارے دروازے کھلے ہیں، کوئی آئے گا تو ناں نہیں کریں گے مگر لوگوں کو پکڑ کر نہیں کہہ سکتے کہ آئیں مذاکرات کریں۔

اسپیکرز کانفرنس کے اختتام پر چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتےہوئے ایاز صاد ق نے کہا کہ اپوزیشن کی مرضی ہو گی تو ہم سہولت کاری کریں گے، بہتری کیلئے جس کی بھی منت کرنا پڑی کریں گے اور حکومت کی کمیٹی بھی بن جائے گی تو بات چیت آگے چل پڑے گی اور راستہ بننا شروع ہو جائے گا ۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا آیت الکرسی اور درود شریف پڑھ کر پھونکیں گے تو حالات بہتر ہوتےجائیں گے، کوئی آئے گا تو نا نہیں کریں گے، ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں کسی کو مذاکرات کے لیے زبردستی پکڑ کر نہیں لا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا عہدہ غیر جانبدار ہوتا ہے جو حکومت ، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کو مساوی وقت دینے، تنازعات کی صورت میں ثالثی کا کردار ادا کرنے کا با اعتماد فورم ہوتا ہے۔

دوسری جانب چیئرمین سینٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ گفت و شنید نہیں کریں گے تو معاملات حل نہیں ہوں گے۔ 

مزید خبریں :