Time 22 دسمبر ، 2024
صحت و سائنس

کیا زیادہ پانی پینے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟

کیا زیادہ پانی پینے سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے؟
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

یہ تو سب جانتے ہیں کہ جسم میں سیال کی مناسب مقدار اچھی صحت کے لیے ضروری ہے مگر ایک نئی تحقیق میں پانی پینے کے فوائد پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

امریکا کی کیلیفورنیا یونیورسٹی کی اپنی طرز کی منفرد تحقیق میں زیادہ پانی پینے کے متعدد فوائد پر روشنی ڈالی گئی اور کچھ فوائد تو ایسے ہیں جن کا آپ کو علم بھی نہیں ہوگا۔

اس تحقیق میں ماضی میں ہونے والی 18 تحقیقی رپورٹس کا تجزیہ کیا گیا۔

ان تحقیقی رپورٹس کی اکثریت میں بتایا گیا تھا کہ زیادہ مقدار میں پانی پینے سے صحت کو متعدد فوائد حاصل ہوتے ہیں۔

اس تحقیق میں ثابت کیا گیا کہ زیادہ پانی پینا صرف تازہ دم ہی نہیں کرتا بلکہ جسم کو صحت مند بھی بناتا ہے۔

تحقیق کے مطابق زیادہ پانی پینے کا سب سے بڑا فائدہ گردوں کی پتھری کے خطرے سے تحفظ اور جسمانی وزن میں کمی میں معاونت فراہم کرنا ہے۔

مگر اس کے ساتھ ساتھ زیادہ پانی پینے سے آدھے سر کے درد یا مائیگرین اور پیشاب کی نالی کی سوزش سے بھی بچنے میں مدد ملتی ہے۔

اس عادت سے آپ ذیابیطس کو کنٹرول کرسکتے ہیں اور بلڈ پریشر کی سطح میں کمی بھی لاسکتے ہیں۔

محققین کے مطابق تمام تحقیقی رپورٹس میں ایسا ٹھوس طریقہ کار نہیں اپنایا گیا تھا جن سے نتائج کی مکمل تصدیق ہوسکے مگر ان سے یہ ضرور واضح ہوتا ہے کہ زیادہ پانی پینے سے صحت کو متعدد حوالوں سے فائدہ ہوتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ ڈی ہائیڈریشن صحت کے لیے نقصان دہ ہے، خاص طور پر جن افراد کو ماضی میں پیشاب کی نالی کی سوزش یا گردوں کی پتھری کا سامنا ہوچکا ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی تحقیق ہے جس میں زیادہ پانی پینے کے فوائد کا تجزیہ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 18 میں سے 10 تحقیقی رپورٹس میں زیادہ پانی پینے کے فوائد ثابت کیے گئے ہیں۔

مگر انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر فرد کو کتنا پانی پینا چاہیے، اس کا ٹھوس تعین نہیں کیا جاسکتا کیونکہ ہر فرد کی ضروریات مختلف ہوتی ہیں۔

محققین کے مطابق اس حوالے سے کلینیکل ٹرائلز سے نتائج کی مکمل تصدیق کی ضرورت ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل جاما نیٹ ورک اوپن میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :