22 دسمبر ، 2024
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کارندوں اور مہروں کے بعد ماسٹرمائنڈ کو بھی سزا ملے گی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سزا ہوئی بھی تو قطعی 9 مئی جیسےحالات پیدا نہیں ہوں گے۔
لندن میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں خواجہ آصف کا کہناتھاکہ حالات اور وقت کا جبر ہےکہ مذاکرات پرراضی نہ ہونے والے بھی اب مان گئے، اسمبلی میں شہبازشریف آتے تو بانی پی ٹی آئی پشت کرکے بیٹھ جاتے تھے، مذاکرات میں خلوص تلاش کرنا وقت کا ضیاع ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 31 دسمبر زیادہ دور نہیں، پاکستان میں زرمبادلہ میں اضافہ نظر آئے گا، پی ٹی آئی کی سول نافرمانی کا کچھ فرق نہیں پڑےگا، تمام لوگ اپنے بل معمول کے مطابق ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے کارندوں اور مہروں کے بعد ماسٹرمائنڈ کو بھی سزا ملے گی، بانی پی ٹی آئی کوسزا ہوئی بھی تو قطعی 9 مئی جیسےحالات پیدا نہیں ہوں گے، فوجی حکمرانوں کے دور میں اختلافات کے باوجود کبھی ادارے کی قربانیوں کو نظر انداز نہیں کیا۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نےکابینہ کوبیوقوف بنایا، رقم مخصوص اکاؤنٹ میں جمع کرادی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کےپی کو اسلام آباد پر حملہ کرنے سے فرصت ملے تو اپنے صوبے پر توجہ دے، وزیراعلیٰ کےپی کی وفاداری صوبےکےساتھ نہیں، بانی پی ٹی آئی کےساتھ ہے۔
علاوہ ازیں لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ 10 دن پہلے تک صرف اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے تھے، اب بیتابی دکھا رہےہیں کہ کمیٹی بنادی حکومت جواب نہیں دے رہی، عوام باشعور ہیں کہ یہ تبدیلی کیوں آرہی ہے؟ کوئی بیرونی ہاتھ مدد کے لیے آیا تو پاکستان اپنے مفادات کا تحفظ کرنا جانتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 9 مئی کےمعاملے میں فوری فیصلوں کی ضرورت تھی، 9 مئی کو حساس تنصیبات پر حملے کیے گئے، 9 مئی ایسے شخص نے پلان کیا جو خود اسٹیبلشمنٹ کی پروڈکٹ تھا، ان حملوں میں ملوث افراد تربیت یافتہ تھے، گزشتہ روز 9 مئی کے 25 ملزمان کا فیصلہ ہوا، فوجی عدالتوں نے جن 25 افراد کو سزائیں سنائیں ان کی ویڈیوز موجود ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا معاملہ عدلیہ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا، 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ آج تک کسی نے نہیں کیا، 9 مئی کو منصوبہ بندی کے تحت حملے کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی حکومت کو عدم اعتماد کے ذریعے ختم کیا گیا، نوازشریف کی حکومت سازش کے ذریعے ختم کی گئی، بانی پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کرپشن عروج پر پہنچی، اس وقت جنرل باجوہ مائنس نوازشریف پروجیکٹ پر کام کر رہے تھے۔
وزیر دفاع کا کہناتھاکہ بانی پی ٹی آئی جب اقتدار سے محروم ہوئے تو امریکا ایبسلوٹلی ناٹ ہوگیا، اب بانی پی ٹی آئی امریکا کے کندھوں پر سوار ہو کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، نوازشریف نے تمام تر عالمی دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا جو لوگ پی ٹی آئی کی محبت میں پاگل ہوگئے ہیں انہیں ان کا ماضی دیکھنا چاہیے، بانی پی ٹی آئی خود فوج کی سب سے بڑی پروڈکٹ ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرمان کو فوجی عدالتوں کی جانب سے سزائیں سنائی گئی ہیں۔ مجرمان کو 2 سے 10 سال تک قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئیں۔