25 دسمبر ، 2024
واٹس ایپ میں ڈاکومنٹس یا دستاویزات کو شیئر کرنے کا عمل سادہ بنانے کے لیے ایک بہترین فیچر کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین بہت آسانی سے دستاویزات کو ایپ کے اندر رہتے ہوئے اسکین کرسکیں گے۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ نیا فیچر واٹس ایپ کے آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بیٹا (beta) ورژن میں سامنے آیا ہے اور محدود افراد کو دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر کو دستاویزات کی شیئرنگ کے مینیو کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد صارفین ڈیوائس کے کیمرے سے کسی بھی دستاویز کو اسکین کرسکیں گے اور انہیں کسی اسکیننگ ٹول یا ایپ کی ضرورت نہیں رہے گی۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے کارآمد ثابت ہوگا جن کو کوئی دستاویز کسی کے ساتھ شیئر کرنا ہوتی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جب صارف کی جانب سے ڈاکومنٹ شیئرنگ مینیو اوپن کیا جائے گا تو وہ وہاں اسکین آپشن کا انتخاب کرسکیں گے۔
اس آپشن کو منتخب کرنے پر کیمرا متحرک ہوگا جس کے بعد دستاویز کو اسکین کیا جاسکے گا۔
اسکین کے بعد صارفین اس کا پریویو بھی دیکھ سکیں گے اور اس کے مطابق تبدیلیاں کرسکیں گے۔
ایپ کی جانب سے خودکار طور پر مارجن سجیسٹ کیا جائے گا مگر صارفین اسے اپنی مرضی کے مطابق ایڈجسٹ کرسکیں گے۔
جب صارف اسکین سے مطمئن ہو جائے گا تو پھر وہ انفرادی یا گروپ چیٹ میں اسے سینڈ کرسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اس فیچر میں اسکیننگ کا معیار بہترین ہوگا اور دستاویزات کو آسانی سے پڑھنا ممکن ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، ابھی اس بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے۔