29 دسمبر ، 2024
یوٹیوب میں ایک نئے فیچر پلے سم تھنگ کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
اس فیچر کا مقصد لوگوں کے لیے ویڈیو مواد کی تلاش آسان بنانا ہے جس میں ان کی ترجیحات کا خیال رکھا جائے گا۔
اس فیچر کی آزمائش اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز پر یوٹیوب کے بیٹا (beta) ورژن میں کی جا رہی ہے۔
اس فیچر میں صارفین کو ایک فلوٹنگ بٹن تک رسائی دی جائے گی۔
اس بٹن پر کلک کرنے پر یوٹیوب کی جانب سے خودکار طور پر آپ کی ماضی کی ترجیحات اور ویو ہسٹری کو مدنظر رکھ کر ایک ویڈیو کا انتخاب کیا جائے گا۔
اس طرح آپ کو نئے مواد کو سرچ کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
ایک رپورٹ کے مطابق پلے سم تھنگ بٹن یوٹیوب ایپ اوپن ہونے پر اس وقت نظر آئے گا جب آپ کسی ویڈیو کو minimize کریں گے۔
یوٹیوب کی جانب سے منتخب کی گئی ویڈیو پورٹریٹ موڈ پر پلے ہوگی، یعنی یوٹیوب شارٹس کی طرح۔
مگر اس میں ریگولر یوٹیوب ویڈیوز کو بھی شامل کیا جائے گا اور معمول کے کنٹرولز جیسے لائیک، ڈس لائیک، کمنٹس اور شیئر وغیرہ اسکرین کے دائیں جانب موجود ہوں گے۔
کمپنی کو توقع ہے کہ اس نئے فیچر سے یوزر انگیج منٹ میں نمایاں اضافہ ہوگا کیونکہ لوگوں کے لیے مواد تلاش کرنا آسان ہو جائے گا اور انہیں دیر تک اسکرول کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
یہ فیچر ان صارفین کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا جو نئے مواد کو تلاش کرکے دیکھنا پسند کرتے ہیں اور پلے سم تھنگ کی بدولت نہیں ویڈیوز کو سرچ نہیں کرنا پڑے گا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے اور محدود صارفین کو دستیاب ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام افراد کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔