Time 31 دسمبر ، 2024
پاکستان

کراچی کے شہریوں کی پریشانی میں کمی نہ آسکی، شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے جاری

کراچی کے شہریوں کی پریشانی میں کمی نہ آسکی، شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے جاری
فوٹو: آن لائن

کراچی کے شہریوں کی پریشانی میں کمی نہ آسکی، شہر میں جاری دھرنوں کے لیے کراچی پولیس چیف کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی۔

پارا چنار کی صورتحال پر مجلس وحدت المسلمین (ایم ڈبلیو ایم) کی جانب سےکراچی کے 12 مقامات پر تاحال دھرنے جاری ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پیر کو کہا تھا کہ افسران کو ہدایات دے دی ہیں، مغرب سے پہلے سڑکوں کو کلیئر کردیں گے، کسی نے ریاست کی رٹ کے نفاذ میں مزاحمت کی تو سختی سے نمٹیں گے۔

تاہم شہر میں جاری دھرنوں کے لیے کراچی پولیس چیف کی جانب سے دی جانے والی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی اور شہر کے 10 سے زائد مقامات پر تاحال دھرنے جاری  ہیں۔

دھرنے کی وجہ سے جوہر چورنگی سے جوہر موڑ آنے والا ایک ٹریک جبکہ کامران چورنگی مکمل بند ہے۔

یونیورسٹی روڈ پر سفاری پارک، ابو الحسن اصفہانی روڈ پرعباس ٹاؤن کے مقام پر سڑک بند ہے۔

اس کے علاوہ شاہراہ پاکستان پر انچولی اور عائشہ منزل چورنگی کے مقام پر دھرنے جاری ہیں جس کی وجہ  سے نارتھ ناظم آباد فائیو اسٹار چورنگی،سرجانی ٹاؤن شمس الدین عظیمی روڈ، ناظم آباد نمبر 2 میں نواب صدیق خان روڈ دھرنوں کے باعث بند ہے۔

احتجاجی دھرنوں کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیاہے۔

مجلس وحدت المسلمین کے رہنما حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ وہ لوگ علامہ راجہ ناصر عباس کے اعلان پر ہی دھرنے ختم کریں گے۔

مزید خبریں :