Time 30 دسمبر ، 2024
پاکستان

افسران کو ہدایات دیدیں، مغرب سے پہلے سڑکوں کو کلیئر کردیں گے: کراچی پولیس چیف

کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نےکہا ہےکہ افسران کو ہدایات دے دی ہیں، مغرب سے پہلے سڑکوں کو کلیئر کردیں گے، کسی نے ریاست کی رٹ کے نفاذ میں مزاحمت کی تو سختی سے نمٹیں گے۔

گارڈن پولیس ہیڈکوارٹر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئےکراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں سے بات ہوگئی ہے،کوشش ہے آج رات تک انہیں ہٹادیا جائے،کراچی کے شہریوں کو ریلیف دیں گے، تین دن سے انہوں نے بہت بھگتا، جو نہیں ہٹےگا اس کو قانون کے مطابق ہٹائیں گے۔

 کراچی پولیس چیف کا کہنا تھا کہ ہم رات تک ان سے مزاکرات کرتے رہے ہیں، مذہبی جماعت کے علماء نے بھی کہا ہے کہ سڑک بند نہیں ہونی چاہیے، پورے شہر کے نظام کو احتجاج کے نام پر مفلوج کرنا ٹھیک نہیں،کسی نے سڑک بند کرنے اور قانون کو ہاتھ میں لینےکی کوشش کی تو بھرپور نمٹیں گے، ہم یہ واضع پیغام دیتے ہیں کہ ہمیں ہدایات ملی ہیں، اب تک ہم نرمی کے ساتھ بات کرتے رہے ہیں، افسران کو ہدایات دے دی ہیں اس پر ہم سختی کریں گے۔

 ترجمان نےکراچی پولیس چیف کے بیان کی تردیدکردی

دوسری جانب  ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہےکہ کراچی پولیس چیف کا دھرنے ختم کروانےکا حکم سوشل میڈیا پر زیرگردش ہے، مذکورہ خبر کو دھرنوں کے خاتمے سے منسلک کرنا بےبنیاد اور غلط فہمی ہے۔

 ترجمان پولیس کا کہنا ہےکہ پولیس چیف کےکہنےکا مقصد دھرنوں کو ختم کرنا نہیں تھا، دھرنوں کو اس طرح کیا جائے کہ ٹریفک کی روانی میں کوئی تعطل پیدا نہ ہو۔

کراچی کے 12 مقامات پر دھرنے جاری، ٹریفک کی روانی متاثر 

ادھر پارا چنار کی صورتحال پر ایم ڈبلیو ایم کی جانب سےکراچی کے 12 مقامات پر تاحال دھرنے جاری ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

 ٹریفک پولیس حکام کے مطابق نمائش چورنگی،کامران چورنگی، جوہر چورنگی، جوہر بلاک 19، صفورا چورنگی، ابو الحسن اصفہانی روڈ، فائیو اسٹار چورنگی اور  یونیورسٹی روڈپر دھرنا دیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے فلیٹس، شارع پاکستان پر انچولی اور عائشہ منزل پر دھرنا جاری ہے۔گولیمار چورنگی بھی دھرنے کی وجہ سے مکمل طور پر بند ہے۔

 ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہےکہ گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب بھیجا جارہا ہے، شام کے اوقات میں سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ ہے۔


مزید خبریں :