01 جنوری ، 2025
خیبر پختونخوا اسمبلی میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف پاس ہونے والے قرارداد پر ن لیگ کے رکن اسمبلی کے جعلی دستخط کا انکشاف ہوا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی جلال خان نے ویڈیو بیان جاری کیا اور کہا کہ صوبائی اسمبلی سے ملٹری کورٹس کے فیصلوں کے خلاف پاس ہونے والے قرارداد پر میرے دستخط جعلی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ میں اس قرارداد کو سپورٹ نہیں کرتا، ملٹری کورٹ سے متعلق قرارداد پر دستخط میرے نہیں ہیں۔
رکن اسمبلی نے قرارداد پر اپنے جعلی دستخط سے متعلق کل اسمبلی سیکرٹریٹ میں درخواست دینے کا بھی اعلان کیا۔
خیال رہے کہ خیبر پختونخوا اسمبلی نے سویلینز کے خلاف ملٹری کورٹس کے فیصلوں سے متعلق مذمتی قرارداد منظور کی ہے۔
گزشتہ دنوں 9 مئی کیسز میں فوجی عدالتوں سے 85 مجرموں کو قید بامشقت کی سزائیں سنائی گئیں تھیں جن میں سابق وزیراعظم عمران خان کے بھانجے حسان نیازی بھی شامل ہیں۔