01 جنوری ، 2025
کراچی سے گوادر کے لیے جانے والی پی آئی اے کی پرواز روانگی کے بعد فنی خرابی کا شکار ہوگئی جس پر پرواز کی کراچی میں ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی پرواز صبح 8:13 منٹ پر کراچی سے گوادر کے لیے روانہ ہوئی تھی تاہم کچھ دیر بعد پائلٹ نے طیارے کے انجن میں فنی خرابی کا بتایا۔
ترجمان پی آئی اے کا بتانا ہے کہ پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرولر کو طیارے میں فنی خرابی سے آگاہ کیا اور روانگی کے 43 منٹ بعد طیارے کو کراچی واپس لینڈ کروایا گیا۔
ترجمان کے مطابق طیارے کا کراچی ائیرپورٹ پر معائنہ کیا جا رہا ہے جبکہ شعبہ انجینئرنگ سے کلیئرنس ملتے ہی پرواز کو واپس گوادر روانہ کیا جائے گا۔